شمالی وزیرستان: سکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی،8 فتنہ الخوارج ہلاک

شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات پر مبنی ایک مؤثر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائی پاک افغان سرحد کے قریب اس وقت کی گئی جب دہشت گردوں کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کی اطلاع موصول ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خوارج کے گروہ کو گھیرے میں لے لیا، جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 8 دہشت گرد جہنم واصل ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق بھارتی سرپرستی یافتہ فتنہ الخوارج سے تھا، جو خطے میں بدامنی پھیلانے کی کوششوں میں مصروف تھے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کے 2 کامیاب آپریشنز، 13 دہشت گرد ہلاک

کارروائی کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران ہلاک خوارج کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر نے واضح کیا ہے کہ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور پاک افغان سرحد پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی قسم کی دراندازی کو ناکام بنایا جا سکے۔