پی آئی اے کی لندن کے لیے پروازیں 6 سال بعد بحال، مسافروں کو لے کر پہلا طیارہ روانہ

چھ سال کا طویل اور صبر آزما انتظار بالاآخر ختم ہو گیا ہے اور پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی لندن کے لیے براہِ راست پروازوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو گیا ہے۔ اس تاریخی موقع پر مسافروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور اسلام آباد ایئرپورٹ پر جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے۔ پی آئی اے کا بوئنگ 777 طیارہ 329 مسافروں کو لے کر لندن کے لیے روانہ ہوا، جس سے قومی ایئرلائن کے ایک اہم بین الاقوامی روٹ کی بحالی ممکن ہو سکی ہے۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پر اس سلسلے میں ایک خصوصی اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں برطانوی ہائی کمشنر اور سیکرٹری دفاع نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ تقریب کے دوران مسافروں کو الوداع کیا گیا، جنہوں نے لندن کے لیے براہِ راست پروازوں کے دوبارہ آغاز پر گہری مسرت اور اطمینان کا اظہار کیا۔ مسافروں کا کہنا تھا کہ اس سہولت سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ سفر بھی آرام دہ ہو جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کا بڑا اعلان: 6 سال بعد لندن کے لیے براہ راست پروازیں بحال

پی آئی اے ذرائع کے مطابق لندن کے لیے پاکستان سے ہفتہ وار چار پروازیں آپریٹ کی جائیں گی، جبکہ برطانیہ کے دوسرے بڑے شہر مانچسٹر کے لیے بھی ہفتہ وار تین پروازوں کا آغاز کیا جا چکا ہے۔ اس اہم اقدام سے برطانوی روٹ پر پی آئی اے کی خدمات میں نمایاں بہتری آنے اور قومی ایئرلائن کی ساکھ میں اضافے کی توقع کی جا رہی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسافروں کو بہترین سہولیات فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔

Scroll to Top