ثروت فاطمہ

پاکستان کا فخر ،ثروت فاطمہ نے عالمی بیڈمنٹن چیمپئن شپ میں دو طلائی تمغے جیت لیے

اسلام آباد: پاکستان کی ابھرتی ہوئی بیڈمنٹن کھلاڑی بلوچستان سے تعلق رکھنے والی ثروت فاطمہ نے ملائیشیا میں منعقدہ ایک بین الاقوامی چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو طلائی تمغے اپنے نام کر لیے۔

ان کی یہ کامیابی نہ صرف ان کے ذاتی کیریئر کیلئے ایک بڑا سنگِ میل ہے بلکہ اس سے عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بھی بلند ہوا ہے ۔

ثروت فاطمہ نے فائنلز میں عمدہ کھیل پیش کیا اور اپنے حریفوں کو شکست دے کر یہ اعزاز حاصل کیا ۔ ان کی کارکردگی نے شائقینِ کھیل اور ماہرین دونوں کو متاثر کیا جبکہ ملک بھر میں ان کی کامیابی کو سراہا جا رہا ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ جیت محض ایک کامیابی نہیں بلکہ برسوں کی محنت، مستقل مزاجی اور کھیل سے گہری وابستگی کا نتیجہ ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل11 ، دوسر امیچ آج کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا

انہوں نے اپنی کامیابی کو اپنے والد کی دعاؤں اور مسلسل حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ پاک فوج کے تعاون کا ثمر قرار دیا ۔

ان کے مطابق پاک فوج نے نہ صرف ان کی رہنمائی کی بلکہ ہر مرحلے پر انہیں بہتر مواقع فراہم کیے، جس سے وہ اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے میں کامیاب ہوئیں ۔

ثروت فاطمہ نے اس موقع پر مستقبل کے عزائم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاک فوج کا حصہ بن کر ملک کی خدمت کرنا چاہتی ہیں اور مزید کامیابیاں حاصل کر کے پاکستان کا نام روشن کرنے کا عزم رکھتی ہیں ۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان میں بے شمار باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں، جنہیں اگر مناسب مواقع اور سرپرستی فراہم کی جائے تو وہ عالمی سطح پر نمایاں کارکردگی دکھا سکتے ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل 11 افتتاحی میچ،لاہور قلندرز نے حیدرآباد کنگز مین کو بڑے مارجن سے ہرا دیا

انہوں نے پاک فوج کی ان کوششوں کو بھی سراہا جو ملک کے دور دراز علاقوں سے ٹیلنٹ کو سامنے لا کر انہیں بین الاقوامی سطح تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

Scroll to Top