عید کی تعطیلات کے بعد نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے اپنے دفاتر کے لیے نئے اوقات کار کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ نادرا کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق مختلف کیٹیگریز کے دفاتر کے لیے الگ الگ اوقات مقرر کیے گئے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق ہفتے میں پانچ دن کام کرنے والے نادرا رجسٹریشن سینٹرز (سنگل شفٹ) پیر سے جمعہ تک صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک کھلے رہیں گے۔ اسی طرح ہفتے میں 6 دن کام کرنے والے سنگل شفٹ دفاتر کے اوقات کار پیر سے جمعرات اور ہفتہ کو صبح 8 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک ہوں گے جبکہ جمعہ کے روز یہ دفاتر صبح 8 بجے سے دوپہر ساڑھے 12 بجے تک خدمات فراہم کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: شناختی کارڈ کی مدت ختم ہونے پر نادرا کا شہریوں کو انتباہ جاری
ڈبل شفٹ میں کام کرنے والے نادرا دفاتر کے لیے پیر سے جمعہ اور ہفتہ (اگر سینٹر ہفتے کو کھلا ہو) پہلی شفٹ صبح 8 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک ہوگی جبکہ دوسری شفٹ سہ پہر 3 بجے سے رات 10 بجے تک کام کرے گی۔

نادرا کے میگا سینٹرز جو ہفتے کے ساتوں دن کام کرتے ہیں وہاں پہلی شفٹ صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک، دوسری شفٹ شام 4 بجے سے رات 12 بجے تک اور تیسری شفٹ رات 12 بجے سے صبح 8 بجے تک ہوگی۔ نادرا میگا سینٹرز میں جمعہ کے روز دوپہر 1 بجے سے 2 بجے تک نمازِ جمعہ کے لیے وقفہ کیا جائے گا۔ نادرا حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان نئے اوقات کار کے مطابق اپنے قریبی مراکز سے رجوع کریں۔




