مقررین

کشمیری عوام پاکستان کے ساتھ الحاق کے لیے پُرعزم ہیں ، مقررین

جہلم ویلی (کشمیر ڈیجیٹل/عمر بھٹی راجپوت)یومِ پاکستان کے موقع پر ضلع جہلم ویلی میں ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام ڈپٹی کمشنر آفس کے باہر ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ملک بھر کی طرح جہلم ویلی میں بھی 23 مارچ یومِ پاکستان بھرپور جوش و جذبے اور شایانِ شان طریقے سے منایا گیا۔

تقریب کے دوران ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی فیصل مغل اور ایس پی عباس علی گردیزی نے قومی پرچم کشائی کی، جبکہ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

اس موقع پر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیریوں کا پاکستان سے رشتہ قیامِ پاکستان سے قبل ہی قائم ہو چکا تھا ۔ 23 مارچ 1940 کو لاہور کے تاریخی اجلاس میں قراردادِ پاکستان کی منظوری کے وقت کشمیری قیادت سردار غلام حیدر جنڈالوی کے ہاتھ میں تھی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مولانا حبیب الملکانی کاسینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس کے بیان پر سخت ردعمل

مقررین نے کہا کہ برصغیر کے مسلمانوں نے قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں اپنے مستقبل کا تعین کیا اور آج بھی کشمیری عوام پاکستان کے ساتھ الحاق کے لیے پُرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنی آزادی اور حقِ خودارادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قراردادِ پاکستان کے صرف چار سال بعد قائداعظم محمد علی جناح نے مسلم لیگ کے صدر کی حیثیت سے کشمیر کا دورہ کیا اور کشمیری عوام کو اپنی جدوجہد جاری رکھنے کی تلقین کی۔

تقریب کے اختتام پر پاکستان، کشمیر کی آزادی اور پاک فوج کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وادی لیپہ کے نوجوان کا ملا یعقوب کے پاکستان مخالف بیانات پر سخت ردِعمل

تقریب میں ایس پی عباس علی گردیزی، چیئرمین بلدیہ سجاول خان، ڈی ایس پی فیصل، اسسٹنٹ کمشنر کامران خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سول ڈیفنس اسد حفیظ چغتائی سمیت دیگر ضلعی افسران، بلدیاتی نمائندگان، سول سوسائٹی، عوام علاقہ اور الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے نمائندگان نے شرکت کی۔

Scroll to Top