خام تیل

عالمی منڈی میں تیل مہنگا، امریکی خام تیل 100 ڈالر سے تجاوز کر گیا

عالمی منڈی میں ایک بار پھر خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے اثرات مختلف ممالک کی معیشتوں پر پڑنے کا امکان ہے ۔

تازہ ترین صورتحال کے مطابق امریکی خام تیل کی قیمت بڑھ کر 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ برینٹ خام تیل کی قیمت بھی اضافے کے بعد 113 ڈالر فی بیرل سے اوپر چلی گئی ہے ۔

ماہرین کے مطابق یہ اضافہ عالمی طلب میں بہتری ، سپلائی میں رکاوٹوں اور جیوپولیٹیکل کشیدگی جیسے عوامل کا نتیجہ ہو سکتا ہے ۔

دوسری جانب پاکستان میں حکومت نے اس صورتحال کے پیش نظر ایک اہم فیصلہ کیا ہے ۔ وزیرِاعظم شہباز شریف کی ہدایت پر لگژری گاڑیوں میں استعمال ہونے والے ہائی آکٹین فیول پر لیوی میں نمایاں اضافہ کر دیا گیا ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ایران کے گیس فیلڈ پر حملے نے عالمی تیل مارکیٹ میں ہلچل مچا دی، قیمتوں میں بڑا اضافہ

اس لیوی کو 100 روپے فی لیٹر سے بڑھا کر 300 روپے فی لیٹر کر دیا گیا ہے ، جس سے اس ایندھن کی قیمت میں واضح اضافہ ہوگا ۔

وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد عام شہریوں کو مہنگائی کے اضافی بوجھ سے بچانا ہے ۔

اعلامیے کے مطابق عام گاڑیوں میں استعمال ہونے والے پیٹرول اور دیگر ایندھن کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا، تاکہ نچلے اور متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔

حکومت کا مؤقف ہے کہ ہائی آکٹین فیول زیادہ تر مہنگی اور لگژری گاڑیوں میں استعمال ہوتا ہے، اس لیے اس پر ٹیکس بڑھا کر مالی بوجھ ان افراد پر ڈالا گیا ہے جو اس کے متحمل ہو سکتے ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ، فی بیرل قیمت 102 ڈالر سے تجاوز کر گئی

اس اقدام سے نہ صرف حکومتی آمدن میں اضافہ ہوگا بلکہ عام صارفین کو براہ راست اثرات سے بھی بچایا جا سکے گا ۔

Scroll to Top