گلگت بلتستان کے معروف صحافی وزیر برہان نے شیخ نیر کے دعوے کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے اسے جھوٹا اور گمراہ کن قرار دے دیا ہے۔ وزیر برہان کا کہنا ہے کہ شیخ نیر کا یہ دعویٰ کہ فیلڈ مارشل نے انہیں ملاقات کے لیے بلایا تھا، سراسر حقیقت کے برعکس ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حقیقت یہ ہے کہ نہ تو کوئی ایسی دعوت دی گئی اور نہ ہی شیخ نیر کو ملاقات کے لیے بلایا گیا تھا۔
وزیر برہان نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر شیخ نیر اپنے دعوے میں سچے ہیں تو انہیں چاہیے کہ عوام کے سامنے ٹھوس ثبوت پیش کریں، بصورتِ دیگر انہیں اپنی اس غلط بیانی پر فوری طور پر قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔ صحافی کا مزید کہنا تھا کہ ایسے بے بنیاد بیانات عوام میں بلاوجہ غلط فہمیاں پیدا کرتے ہیں، جبکہ میڈیا اور معروف شخصیات کی یہ اولین ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ صرف حقائق پر مبنی معلومات ہی عوام تک پہنچائیں۔
یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں، جھوٹا پروپیگنڈا پھیلانے والے اپنی غلاظت اُگل رہے ہیں، مفتی محمد فیضان
اسی تناظر میں معروف عالم دین علامہ آصف رضا علوی نے بھی سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے بیانیے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حقائق کے برعکس معلومات پھیلانا ایک منظم مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد عوام کو گمراہ کرنا ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر زیرِ گردش مواد کو سیاق و سباق سے ہٹا کر پیش کیا جا رہا ہے جس سے اصل گفتگو کا مفہوم تبدیل ہو رہا ہے اور یہ عمل دانستہ طور پر غلط فہمیاں پیدا کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب معروف عالم دین مفتی محمد فیضان نے فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر سے علمائے کرام کے وفد کی حالیہ ملاقات کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ ملاقات امت مسلمہ کی یکجہتی اور تعاون کے لیے منعقد کی گئی تھی، انہوں نے فیلڈ مارشل پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ملاقات کو مثبت اور تعمیری قرار دیا۔




