محکمہ موسمیات نے 17 مارچ کی شام سے 20 مارچ کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں بارشوں کے ایک نئے سلسلے کی پیشگوئی کی ہے۔ مغربی ہواؤں کا یہ طاقتور سلسلہ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے گا، جس کے باعث نہ صرف درجہ حرارت میں کمی آئے گی بلکہ بعض مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اور ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات (PMD) کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، یہ نیا موسمی نظام 17 مارچ کی شام کو مغربی علاقوں سے ملک میں داخل ہوگا، جو 18 مارچ سے پورے ملک میں پھیل جائے گا۔ اس دوران بلوچستان کے اضلاع بشمول کوئٹہ، زیارت، پشین، قلعہ عبداللہ، گوادر اور پنجگور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ چند مقامات پر موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر: 17 تا20 مارچ تک ژالہ باری اوربارشیں ،الرٹ جاری
خیبر پختونخوا کے علاقوں چترال، سوات، ایبٹ آباد، پشاور اور کوہاٹ میں 17 سے 20 مارچ کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔ اس دوران بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ پنجاب اور اسلام آباد میں مری، گلیات، لاہور، فیصل آباد اور راولپنڈی سمیت دیگر شہروں میں 17 مارچ سے 20 مارچ کے دوران بارش، آندھی اور چند مقامات پر ژالہ باری کی توقع ہے۔ جنوبی پنجاب کے اضلاع ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں بھی 18 اور 19 مارچ کو گرد آلود ہوائیں چلنے اور بارش کا امکان ہے۔
سندھ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی اس دوران بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ کراچی، سکھر اور میرپور خاص میں 18 اور 19 مارچ کو گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بالائی اضلاع (وادی نیلم، مظفر آباد، پونچھ) میں تیز بارش اور پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے۔ حکام نے کسانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسمی حالات کے مطابق اپنی فصلوں کا انتظام کریں اور سیاحوں کو پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔




