میٹنگ

آبنائے ہرمز کھلوانے میں مدد نہ کی تو نیٹو کا مستقبل بہت برا ہوگا ،صدر ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک انتہائی سخت بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اتحادی ممالک نے آبنائے ہرمز کو کھلوانے میں امریکہ کا ساتھ نہ دیا تو نیٹو کا مستقبل بہت برا ہوگا۔ برطانوی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں ٹرمپ نے واضح کیا کہ وہ اب مزید انتظار کرنے کے موڈ میں نہیں ہیں۔

ایران سے بات چیت اور عالمی ڈیڈ لاک:

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران سے بات چیت کا عمل تو جاری ہے لیکن بظاہر تہران کسی سمجھوتے کے لیے تیار نظر نہیں آتا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ اس وقت 7 بڑے ممالک کے ساتھ رابطے میں ہیں اور ان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی بحری طاقت کے ذریعے اس اہم ترین عالمی گزرگاہ کی حفاظت یقینی بنائیں۔ اسرائیل پہلے ہی اس مشن میں امریکہ کے ساتھ کھڑا ہے، لیکن باقی دنیا کی خاموشی ٹرمپ کو ایک بڑے فیصلے پر مجبور کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران کسی ایسے معاہدے تک پہنچنے کیلئے تیار نہیں جس سے جنگ ختم ہو، ڈونلڈ ٹرمپ

چین سے ملاقات کھٹائی میں پڑ گئی:

آبنائے ہرمز کے بحران کا اثر اب امریکہ اور چین کے تعلقات پر بھی پڑنے لگا ہے۔ ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ رواں ماہ کے آخر میں چینی صدر شی جن پنگ سے ہونے والی ملاقات اس وقت تک نہیں ہوگی جب تک آبنائے ہرمز سے فائدہ اٹھانے والے ممالک وہاں امن کی ضمانت نہیں دیتے۔

اتحادیوں کا انکار اور عالمی تیل کا بحران:

ایک طرف امریکہ جنگی جہاز بھیجنے کا مطالبہ کر رہا ہے تو دوسری طرف فرانس جیسے بڑے اتحادی نے صاف انکار کر دیا ہے۔ جنوبی کوریا اور جاپان ابھی تک “دیکھو اور انتظار کرو” کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ دوسری جانب ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد مشرق وسطیٰ کی آگ پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لینے لگی ہے۔ عالمی سطح پر تیل کی 20 فیصد سپلائی رکنے کے خدشے نے ایندھن کی قیمتوں کو آگ لگا دی ہے، جس سے عالمی معیشت ڈوبنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔

مزید پڑھیں: عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں، ماہرین نے ٹرمپ کو خبردار کردیا