اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے موبائل پیکجز کی قیمتوں کے حوالے سے بڑا ایکشن لیتے ہوئے تمام ٹیلی کام کمپنیوں کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے کہ اب پیکجز کے نرخوں میں اضافہ ماہانہ کے بجائے صرف سہ ماہی (کوارٹرلی) بنیادوں پر کیا جا سکے گا۔
موبائل ٹیرف ریگولیشنز 2025 کا نفاذ:
پی ٹی اے حکام کے مطابق صارفین کی جانب سے مسلسل موصول ہونے والی شکایات پر ایکشن لیتے ہوئے ’موبائل ٹیرف ریگولیشنز 2025‘ نافذ کر دیے گئے ہیں۔ اس نئے منظم اور متوازن ٹیرف نظام کے تحت اب کمپنیاں اپنی مرضی سے ہر ماہ قیمتیں نہیں بڑھا سکیں گی۔ کمپنیوں کو گزشتہ سال کے نرخوں کو مدنظر رکھتے ہوئے صرف 10 سے 20 فیصد تک اضافے کی اجازت دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ویلیو ایڈڈ سروسز کی غیر مجاز ایکٹیویشن ،پی ٹی اے نے موبائل صارفین کو خوشخبری سنادی
پیشگی منظوری لازمی قرار:
نئے ضوابط کے تحت ٹیلی کام کمپنیاں اب کوئی بھی نیا پیکج متعارف کروانے یا موجودہ نرخوں میں ردوبدل کرنے سے قبل پی ٹی اے سے پیشگی منظوری لینے کی پابند ہوں گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد صارفین کے حقوق کا تحفظ اور ٹیلی کام مارکیٹ میں استحکام لانا ہے۔
کمپنیوں کا ریونیو اور مستقبل کی منصوبہ بندی:
پی ٹی اے حکام نے واضح کیا کہ جہاں صارفین کا تحفظ ضروری ہے، وہیں مارکیٹ کے استحکام پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے۔ پاکستان میں فی صارف اوسط ریونیو خطے میں سب سے کم ہے، تاہم گزشتہ چند سالوں میں اس میں بہتری آئی ہے۔ حکام کو توقع ہے کہ ملک میں 5G کی لانچنگ اور سپیکٹرم کی نیلامی کے بعد ریونیو کے ساتھ ساتھ نیٹ ورک کی کارکردگی، کوریج اور ڈیٹا سپیڈ میں بھی واضح بہتری آئے گی۔




