مشرقِ وسطیٰ میں ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی نے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں کو آگ لگا دی ہے، جہاں برینٹ کروڈ کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل کی حد عبور کر گئی ہے۔
عالمی منڈی کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، برینٹ کروڈ آئل کی قیمت میں تقریباً 3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 103.29 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح امریکی خام تیل، ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کی قیمت میں بھی 3 ڈالر 71 سینٹ کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد اس کی قیمت تقریباً 99 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آبنائے ہرمز کی بندش: عالمی مارکیٹ میں روسی تیل کی مانگ میں اچانک بڑا اضافہ
توانائی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس تنازع نے عالمی مارکیٹ میں شدید غیر یقینی صورتحال پیدا کر دی ہے۔ ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر کشیدگی مزید بڑھی تو تیل کی سپلائی بری طرح متاثر ہو سکتی ہے، خصوصاً آبنائے ہرمز جیسے اہم تجارتی راستے پر خطرات بڑھنے سے قیمتیں مزید اوپر جا سکتی ہیں۔ معاشی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ خام تیل کی قیمتوں میں اس مسلسل اضافے سے عالمی سطح پر مہنگائی کا نیا طوفان آ سکتا ہے، جس سے ٹرانسپورٹ، صنعت اور بجلی کی پیداوار کے اخراجات میں اضافہ ہوگا اور اس کا براہِ راست بوجھ عام صارفین پر پڑے گا۔




