لاہور:اسلام آباد یونائیٹڈ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن کیلئے اپنی کوچنگ سٹاف میں اہم اضافہ کرتے ہوئے سابق قومی فاسٹ بالر رومان رئیس کو ٹیم کا بولنگ کنسلٹنٹ مقرر کرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق رومان رئیس ٹیم کے نوجوان اور ابھرتے ہوئے بالرز کو تجربہ کار رہنمائی فراہم اور ان کی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں گے۔ فرنچائز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رومان رئیس پی ایس ایل 11 کے دوران بالرز کے ساتھ قریبی انداز میں کام کریں گے ۔
وہ انہیں بولنگ کی تکنیکی باریکیوں، میچ کے دوران درست حکمت عملی اختیار کرنے اور مختلف کنڈیشنز میں مؤثر بولنگ کرنے کے حوالے سے رہنمائی دیں گے ۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ نوجوان کھلاڑیوں کو دباؤ کے لمحات میں بہتر فیصلے کرنے اور اپنی صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں استعمال کرنے کے بارے میں بھی مشورے دیں گے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل 11 : ٹرافی کی تقریب رونمائی’’انفینٹی‘ نام رکھ دیا
اسلام آباد یونائیٹڈ کی انتظامیہ کے مطابق یہ تقرری دراصل ٹیم کی اس روایت کا تسلسل ہے جس کے تحت سابق کھلاڑیوں کو نئی ذمہ داریاں دے کر ٹیم کے ساتھ جوڑا جاتا ہے تاکہ نوجوان کھلاڑی ان کے تجربے سے فائدہ اٹھا سکیں۔ فرنچائز ہمیشہ سے نوجوان ٹیلنٹ کو آگے لانے اور انہیں سیکھنے کے مواقع فراہم کرنے کی حامی رہی ہے ۔
رومان رئیس ماضی میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا اہم حصہ رہ چکے ہیں اور وہ ٹیم کی قیادت بھی کر چکے ہیں۔ وہ پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایسے کھلاڑی تھے جنہیں ابتدائی طور پر ایمرجنگ پلیئر کا اعزاز ملا اور بعد ازاں وہ ٹیم کے کپتان بھی بنے ۔ ان کا شمار ان کھلاڑیوں میں ہوتا ہے جنہوں نے لیگ کے ابتدائی سیزنز میں نمایاں کارکردگی دکھائی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آسٹریلوی حکومت کا ایرانی خواتین فٹبالرز کے لیے بڑا فیصلہ
فرنچائز کا ماننا ہے کہ رومان رئیس کی شمولیت سے ٹیم کے بالرز کو قیمتی تجربہ حاصل ہوگا، جس سے نہ صرف انفرادی کارکردگی میں بہتری آئے گی بلکہ ٹیم کی مجموعی بولنگ طاقت بھی مزید مضبوط ہو گی ۔ پی ایس ایل 11 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو امید ہے کہ یہ فیصلہ ٹیم کیلئے مثبت نتائج کا باعث بنے گا ۔




