مظفرآباد: مچھیارہ نیشنل پارک کی کوٹلہ رینج میں جنگلات کی کٹائی، مقامی افراد کے الزامات

مظفرآباد نیشنل پارک کے قریب واقع کوٹلہ رینج میں بڑی تعداد میں درختوں کی کٹائی کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد عوامی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مقامی افراد نے الزام عائد کیا ہے کہ سرکاری جنگلات کو کاٹ کر انہیں نجی ملکیت (پرائیویٹ جنگل) ظاہر کیا جا رہا ہے اور اس لکڑی کو فروخت کیا جا رہا ہے۔

مقامی افراد کا موقف ہے کہ جنگل اگر نجی ملکیت بھی ہو تو بھی یہ ماحول کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ شہریوں کے مطابق کوٹلہ رینج آزاد کشمیر کے موجودہ وزیرِ جنگلات سردار جاوید ایوب کا حلقہ انتخاب ہے، جس کی وجہ سے عوام میں اس معاملے پر تشویش زیادہ پائی جاتی ہے۔ مقامی حلقوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ نیشنل پارک کے ملحقہ علاقوں میں جنگلات کی کٹائی جنگلی حیات کو تحفظ فراہم کرنے کے بین الاقوامی اصولوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت جنگلات کے تحفظ کیلئے تمام وسائل بروئےکارلارہی ہے ،سردار جاوید ایوب

دوسری جانب، محکمہ جنگلات نے ان شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ چیف کنزرویٹر جنگلات ملک اسد کا کہنا ہے کہ محکمہ کو کٹائی کی شکایت موصول ہوئی ہے جس پر فوری انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مذکورہ علاقہ دور دراز ہونے کی وجہ سے کٹائی کے متعلق بروقت معلومات حاصل نہیں ہو سکیں، تاہم معاملے کی چھان بین کے بعد ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزید پڑھیں: آزادکشمیر:محکمہ جنگلات، وائلڈ لائف کی غفلت، ایک اور چیتا ہلاک

Scroll to Top