پی یس ایل 11

پی یس ایل 11 : 26 مارچ کو افتتاحی میچ لاہور قلندرز اور حیدرآباد کنگز کے درمیان کھیلا جائیگا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کے مجوزہ شیڈول کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں، ٹورنامنٹ کے باضابطہ شیڈول کا اعلان آئندہ ہفتے متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ایس ایل 11 کا آغاز 26 مارچ کو لاہور میں ہوگا اور افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور حیدرآباد کنگز کے درمیان کھیلا جائے گا ۔ ایونٹ کے ابتدائی مرحلے میں تمام ٹیمیں مجموعی طور پر سات، سات میچز کھیلیں گی ۔

اطلاعات کے مطابق لیگ کے پہلے مرحلے کے بعد مقابلوں کو مزید دلچسپ بنانے کے لیے ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا ۔

دوسرے مرحلے میں ہر ٹیم تین مزید میچز کھیلے گی، جس کے بعد پلے آف مرحلے سے قبل ہر ٹیم کے کل میچز کی تعداد دس ہو جائے گی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:5 گیندوں پر 5 وکٹیں! نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولرنے تاریخ رقم کر دی

اس مرحلے میں گروپ اے میں لاہور قلندرز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، کراچی کنگز اور حیدرآباد کی ٹیم شامل ہوگی گروپ بی میں اسلام آباد یونائیٹڈ، راولپنڈی کی نمائندہ ٹیم، پشاور زلمی اور ملتان سلطانز مد مقابل ہوں گی ۔

پلے آف مرحلے کے شیڈول کے مطابق پہلا کوالیفائر 28 اپریل کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا ۔ اس کے بعد پہلا ایلیمنیٹر 29 اپریل کو لاہور میں ہوگا ۔

دوسرے ایلیمنیٹر میچ کی میزبانی بھی لاہور کرے گا جو یکم مئی کو شیڈول ہے ۔ ٹورنامنٹ کا بڑا معرکہ یعنی فائنل 3 مئی کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) جلد ہی پی ایس ایل 11 کے مکمل شیڈول اور میچز کے مقامات کی باضابطہ تفصیلات جاری کرے گا ۔

کرکٹ شائقین اس بڑے ایونٹ کے آغاز کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں کیونکہ پی ایس ایل نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں مقبول ٹی ٹوئنٹی لیگ بن چکی ہے، جس میں مقامی اور بین الاقوامی کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہیں ۔

Scroll to Top