پاکستان

ہاکی ورلڈ کپ کوالیفائر: فائنل میں پاکستان کو شکست، انگلینڈ نے ٹائٹل جیت لیا

ہاکی ورلڈ کپ کوالیفائر کے فائنل میں انگلینڈ نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ فائنل میچ میں انگلینڈ کی ٹیم نے آغاز ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا اور میچ کے بیشتر حصے میں کھیل پر اپنی گرفت مضبوط رکھی ۔

میچ کے ابتدائی لمحات میں ہی انگلینڈ نے تیز حملوں کے ذریعے پاکستانی دفاع پر دباؤ بڑھایا اور جلد ہی برتری حاصل کر لی۔ انگلینڈ کے کھلاڑی سیموئیل نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو خوبصورت گول اسکور کیے جس سے ان کی ٹیم کی پوزیشن مزید مضبوط ہو گئی۔ اس کے علاوہ ہینری اور فوکس نے بھی ایک، ایک گول کر کے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ۔

پاکستان کی جانب سے میچ کے دوران کئی مواقع پیدا کیے گئے تاہم انگلینڈ کی مضبوط دفاعی حکمت عملی کے باعث زیادہ گول اسکور نہ کیے جا سکے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:جاپان کو شکست ،پاکستان نے8 سال بعد ہاکی ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرلیا

پاکستان کے لیے واحد گول رانا ولید نے کیا جس نے شائقین کو کچھ دیر کیلئے اُمید دلائی لیکن انگلینڈ کی ٹیم نے اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے میچ اپنے نام کر لیا ۔

یہ ٹورنامنٹ یکم مارچ سے سات مارچ تک جاری رہا جس میں مختلف ممالک کی ٹیموں نے شرکت کی اور شائقین کو دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملے۔ فائنل تک پہنچنے والی دونوں ٹیموں نے پورے ایونٹ میں شاندار کارکردگی دکھائی ۔

دوسری جانب شکست کے باوجود پاکستان ہاکی ٹیم کیلئے ایک بڑی خوشخبری بھی سامنے آئی ہے۔ پاکستان نے ایونٹ میں مجموعی طور پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کی بنیاد پر ٹیم نے ہاکی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آئی سی سی کا ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کے ناموں کا اعلان

اس کامیابی کو پاکستانی ہاکی کے لیے ایک مثبت پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے اور اُمید ظاہر کی جا رہی ہے کہ قومی ٹیم آئندہ عالمی کپ میں بہتر کارکردگی دکھائے گی ۔

Scroll to Top