فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کی اہم ملاقات، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

ریاض: پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کے درمیان سعودی دارالحکومت ریاض میں ایک اہم ملاقات ہوئی ہے۔ اس ملاقات میں پاک سعودی دفاعی معاہدے سمیت علاقائی صورتحال اور خطے کے تازہ ترین حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے سعودی عرب پر ایرانی حملوں اور پاک سعودی دفاعی معاہدے کے تحت اسٹرٹیجک تعاون کے ذریعے ان حملوں کو روکنے کے اقدامات پر غور کیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور شہزادہ خالد بن سلمان نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ایرانی حملوں سے علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ دونوں ممالک نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایران دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہمسایہ ممالک کی خودمختاری کا احترام کرے گا اور کسی بھی قسم کے غلط اندازوں سے گریز کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پاک سعودی افواج دفاعی معاہدے کے تحت تعاون آگے بڑھانے پر متفق

واضح رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ایک مشترکہ اسٹریٹجک دفاعی معاہدہ موجود ہے، جس کے تحت اگر کسی بھی ملک پر بیرونی مسلح حملہ ہوتا ہے تو اسے دونوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ اس تاریخی دفاعی تعاون کا مقصد دونوں ممالک کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کو یقینی بنانا ہے۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب کی پاکستان کو تیل فراہمی کی یقین دہانی، یانبو بندرگاہ کا استعمال ہوگا

Scroll to Top