نوجوانوں کو جدید مہارتیں سکھانے کامشن،میرپور میں دو فری لانسنگ ہبزکا افتتاح

میرپور ( کشمیر ڈیجیٹل)افضل پور اورکشمیر آر فن ریلیف ٹرسٹ میں فری لانسنگ ہبز کا افتتاح،فری لانسنگ ہبزکا مقصد ڈیجیٹل ترقی کو فروغ دینا، جدید آئی ٹی اسپیسز کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بناناہے اسپیشل کمیونیکیشنز آرگنائزیشن نے ضلع میرپور میں دو نئے فری لانسنگ ہبز قائم کیے ہیں ایک افضل پور میں اور دوسرا کشمیر آر فن ریلیف ٹرسٹ میں جو ایک نمایاں فلاحی ادارہ ہے اور یہاں پرورش پانے والے بچے ملک کے روشن مستقبل کے لیے امید کی کرن ہیں۔

ان فری لانسنگ ہبز کا مقصد مقامی نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے تاکہ وہ فری لانسنگ اور آن لائن کاروبار کے نئے مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی ایس سی او میجر جنرل عمر احمد شاہ نے کہاان فری لانسنگ ہبز کا قیام میرپور کے نوجوانوں کو ڈیجیٹل دنیا میں کامیابی کے لیے درکار مہارتیں فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔جدید آئی ٹی سہولیات سے لیس یہ مراکز نوجوانوں میں تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دیں گے، ان کی استعداد کار میں اضافہ کریں گے اور خاص طور پر KORT کے باصلاحیت بچوں کے لیے ایک روشن مستقبل کی راہ ہموار کریں گے۔

ہمارا مقصد ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے جہاں ہر فرد کو ترقی کے مساوی مواقع حاصل ہوں اور وہ علاقے کی معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکے۔کورٹ آمد پر چوہدری محمد شکیل اور راجہ ساجد دلاور نے میجر جنرل عمر احمد شاہ کا بھر پور استقبال کیا ادارہ کے بچوں نے گل پاشی کی اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر میرپور ڈویژن چوہدری حق نواز، کمانڈر 7AK بریگیڈیئر تنویر حسین،سیکٹر کمانڈر ایس سی او آزاد کشمیر کرنل یوسف جاوید،کمانڈنگ آفیسر ایس سی او میرپور ڈویژن کرنل عدیل ملک دیگر اعلیٰ فوجی اور سویلین شخصیات بھی موجود تھے۔

ڈائریکٹر جنرل سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن میجر جنرل عمر احمد شاہ نے کورٹ میں زیر تعلیم بچوں کے لیے قائم جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ فری لانسنگ ھب کا افتتاح کیا اور زیر تعلیم بچوں سے ملاقات اور ادارے کا مکمل وزٹ بھی کیا بعد ازاں گورنمنٹ ڈگری کالج افضلپور میں قائم جدید ترین ٹیکنالوجی سے سے لیس فری لانسنگ ہب کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایس سی او نہ صرف جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنا رہا ہے بلکہ ایک علم و مہارت پر مبنی معیشت کے قیام میں بھی اپنا کردار ادا کر رہا ہے جو پورے خطے کی ترقی کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔

Scroll to Top