مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)آزادکشمیر بھر میں ہیلتھ ملازمین کا احتجاج 17ویں روز بھی جاری رہا۔سڑکوں پر نکلنے کا اعلان ۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت کے ملازمین کا احتجاج 17ویں روز میں داخل ہوگیا۔ہیلتھ ملازمین کی جانب سے روزانہ دو گھنٹے کی ہڑتال مطالبات کی منظوری تک جاری رکھنے کا اعلان کردیاگیا ہے۔
آج سی ایم ایچ گیٹ مظفرآباد کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جہاں مقررین نے حکومت آزاد کشمیر سے فوری مذاکرات کا مطالبہ کیا۔مظاہرین نے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری فیصل ممتاز راٹھور، وزیر صحت بازل علی نقوی اور اپوزیشن لیڈر شاہ غلام قادر سے اپیل کی کہ وہ ذاتی مداخلت کر کے ملازمین کے مسائل حل کریں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سپریم کورٹ : حکومت کو بلدیاتی ترقیاتی فنڈز ممبران اسمبلی کے ذریعے خرچ کرنے سے روک دیا
ملازمین نے احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے سڑکوں پر نکلنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے صدر عابد مغل، جنرل سیکرٹری عبید الرحمن، اقبال اعوان، میڈم صبیحہ، بلال احمد ملک، عمران رفیق چغتائی، شیخ شہزاد، چوہدری سجاد اور بلال احمد نے کہا کہ محکمہ صحت کے ملازمین طویل عرصے سے اپنے جائز حقوق کیلئے آواز بلند کر رہے ہیں مگر تاحال شنوائی نہیں ہو رہی۔
انہوں نے کہا کہ اگر مطالبات منظور نہ کیے گئے تو احتجاج مزید سخت کیا جائے گا۔ملازمین کے اہم مطالبات میں شامل ہیں:ہیلتھ الاؤنس رننگ بیسک پے پر دیا جائے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:فضائی حدود کی بندش کا بڑا فیصلہ؛ پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے ‘نوٹم’ جاری کر دیا
تمام ملازمین کیلئے علیحدہ علیحدہ سروس اسٹرکچر تشکیل دیا جائے۔ڈرگ سیل الاؤنس کا اجرا سابق رولز کے مطابق کیا جائے۔ہیلتھ ورکرز کی پنشن کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔
ہیلتھ کیئر الاؤنس فوری طور پر دیا جائے۔ہیلتھ فاؤنڈیشن کا قیام عمل میں لایا جائے۔جی پی ایف پر منافع دیا جائے۔نرسز، الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز، سپورٹ اسٹاف، ہیلتھ ورکرز اور ایم سی ایچ ٹیکنیشنز کیلئے باقاعدہ سروس اسٹرکچر بنایا جائے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پیٹرولیم مصنوعات کے بحران کا خدشہ؛ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ہنگامی قدم اٹھا لیا
مقررین کا کہنا تھا کہ دو گھنٹے کی روزانہ ہڑتال مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گی اور اگر حکومت نے سنجیدگی نہ دکھائی تو احتجاج کا دائرہ مزید بڑھایا جائے گا۔




