بلاول

پاک فوج نے ایک بار پھر خطے میں اپنی دفاعی صلاحیت اور طاقت ثابت کردی ،بلاول

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے آپریشن ’’غضب للحق ‘‘کے تناظر میں پاک فوج کی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ مسلح افواج نے بروقت اور مؤثر جواب دے کر ملک کی دفاعی صلاحیت کا عملی مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ افغان طالبان کی جانب سے کیے گئے مبینہ بلااشتعال حملے کے بعد پاکستان کو ردعمل دینا پڑا اور فوج نے پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ صورت حال کو سنبھالا ۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے اور خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے، تاہم قومی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا ۔

انہوں نے افغان حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسے کسی بھی بیرونی ایجنڈے کا حصہ بننے کے بجائے خطے میں بہتری اور باہمی تعاون کے لیے کام کرنا چاہیے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے جو عزت کے ساتھ امن کا خواہاں ہے، ظہیر بابر سدھو

ان کے مطابق افغانستان کی موجودہ پالیسیوں نے کشیدگی میں اضافہ کیا ہے، جس کے باعث پاکستان کو دفاعی اقدامات اٹھانا پڑے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج مشرقی اور مغربی سرحدوں پر ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ ملکی سلامتی اور خودمختاری کا دفاع ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا ۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان تصادم کی پالیسی پر یقین نہیں رکھتا، لیکن اگر اسے للکارا گیا تو بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان کے صبر کو کمزوری نہ سمجھا جائے ، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے تمام فریقین کو ذمہ دارانہ طرز عمل اپنانا ہوگا تاکہ کشیدگی میں کمی آئے اور باہمی اعتماد کو فروغ مل سکے ۔

Scroll to Top