پاکستان کی مسلح افواج نے افغان طالبان کی بلا اشتعال جارحیت کے خلاف بھرپور اور فیصلہ کن کارروائی کی ہے ۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے سرحد کے قریبی علاقوں میں طالبان کی متعدد اہم پوسٹس کو تباہ کر دیا ہے۔ کارروائی میں آرٹلری اور کوارڈ کاپٹرز استعمال کیے گئے، جس کے نتیجے میں طالبان نے متعدد بار سفید جھنڈا لہرا کر ہتھیار ڈالنے کا عندیہ دیا ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی فضائیہ نے کابل، قندھار اور پکتیا میں افغان طالبان کی اہم عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا ۔ کابل میں طالبان کے دو بریگیڈ ہیڈ کوارٹرز فضائی حملوں میں مکمل طور پر تباہ ہوئے، جبکہ قندھار میں ایک کور ہیڈ کوارٹر اور ایک بریگیڈ ہیڈ کوارٹر ناکارہ بنا دیے گئے ۔ اس کارروائی کے بعد دشمن کا دفاعی ڈھانچہ بری طرح مفلوج ہو گیا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاک افغان موجودہ کشیدہ صورتحال پر گہری تشویش ہے : سیکرٹری جنرل یو این انتونیو گوتیرس
پاک فوج کے مطابق آپریشن میں زمینی اور فضائی دونوں سطحوں پر طالبان کے لاجسٹک بیسز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت کیلئے پاکستانی مسلح افواج پرعزم ہیں اور افغان طالبان کی بلا اشتعال جارحیت کا مؤثر جواب جاری رہے گا ۔
افغانستان میں اشتعال انگیز کارروائیوں کے جواب میں شروع کیے گئے آپریشن غضب للحق میں اب تک 133 طالبان ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ پاکستانی سکیورٹی فورسز کے مطابق آپریشن ملک کے ہر حصے کی حفاظت کے لیے جاری رہے گا اور سرحد پار موجود دشمن کے ٹھکانوں کو مکمل طور پر ناکارہ بنانے کی حکمت عملی کے تحت کارروائیاں جاری ہیں ۔
یہ اقدام پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت، امن قائم رکھنے اور بلا اشتعال جارحیت کا مؤثر جواب دینے کیلئے اٹھایا گیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فوج ملک کے عوام اور سرحدی علاقوں کی حفاظت کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید کارروائیاں کی جائیں گی ۔




