آزادکشمیر بینک نے کاروباری خواتین کیلئے خصوصی پیکیجز متعارف کرانے کا عندیہ دیدیا

مظفرآباد: آزاد جموں وکشمیر بینک کے صدر شاہد میر سے ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری آزاد کشمیر کی گورننگ باڈی نے صدر ڈاکٹر سدرہ آزاد کی قیادت میں تفصیلی ملاقات کی۔

ملاقات کا مقصد آزاد کشمیر میں خواتین کاروباری افراد کو درپیش مالیاتی اور انتظامی مسائل کا جائزہ لینا اور ان کے حل کے لیے مشترکہ حکمت عملی وضع کرنا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:کاروباری لین دین میں کیش پیمنٹ نہیں ڈیجیٹل ہوگی،مراسلہ جاری

وفد میں گورننگ باڈی کی اراکین ماریہ گیلانی، خضرہ منظور، طیبہ بخاری، امبر عادل اور سیکرٹری ویمن چیمبر راجہ زاہد خان شامل تھے۔

ملاقات کے دوران ویمن چیمبر کے وفد نے آزاد کشمیر کی بزنس ویمن کو درپیش مسائل، بالخصوص بزنس کریڈٹ کے حصول، رہن کی شرائط، دستاویزی تقاضوں اور بینکنگ پراسیس میں حائل رکاوٹوں کے بارے میں صدر اے جے کے بینک کو تفصیلی آگاہ کیا۔

وفد نے اس امر پر زور دیا کہ خواتین کے لیے خصوصی فنانسنگ ونڈو، ترجیحی بنیادوں پر قرضہ اسکیمیں اور سہل شرائط پر کاروباری قرضہ جات کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ خواتین معاشی طور پر مستحکم ہو سکیں۔

اس موقع پر سمال انڈسٹریز کارپوریشن آزاد کشمیر اور حالیہ وزیراعظم یوتھ لون سکیم کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔

پرانے کاروباروں کی توسیع اور نئے اسٹارٹ اپس کے لیے قرضہ جات کے حصول میں درپیش عملی مشکلات اور ان کے حل کے لیے مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔

ویمن چیمبر کی گورننگ باڈی نے متفقہ طور پر تجویز پیش کی کہ پانچ لاکھ روپے سے زائد قرضہ جات کے لیے رہن رکھنے کی شرائط کو خواتین کے لیے سہل اور متبادل ضمانتی طریقہ کار سے مشروط کیا جائے، بصورت دیگر خواتین اس اسکیم سے مکمل استفادہ حاصل نہیں کر سکیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد میں خواتین کے لیے مخصوص مارکیٹ قائم، پردہ دار خواتین کے لیے کاروباری موقع

صدر اے جے کے بینک شاہد میر نے وفد کو یقین دہانی کروائی کہ ان تجاویز کو حکومت آزاد کشمیر اور بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سامنے پیش کیا جائے گا تاکہ خواتین کے لیے عملی اور پائیدار حل نکالا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اے جے کے بینک آزاد کشمیر میں خواتین کی معاشی ترقی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے اور مستقبل میں خواتین کاروباری افراد کے لیے خصوصی پیکیجز متعارف کرانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

صدر اے جے کے بینک نے مزید بتایا کہ بینک اس وقت اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے شیڈول بینک کا درجہ حاصل کرنے کے لیے ضروری تقاضے مکمل کر رہا ہے، جس میں جدید بینکنگ سافٹ ویئر کی اپ گریڈیشن اور ایکسچینج کمپنی کے قیام جیسے اقدامات شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شیڈول بینک کا درجہ حاصل ہونے کے بعد اے جے کے بینک کی استعداد کار، شفافیت اور مالیاتی خدمات کا دائرہ مزید وسیع ہو جائے گا، جس سے آزاد کشمیر کی بزنس کمیونٹی کو نمایاں فائدہ پہنچے گا۔

ویمن چیمبر کی صدر ڈاکٹر سدرہ آزاد نے اس موقع پر کہا کہ آزاد کشمیر کی بزنس وومن اے جے کے بینک کی مختلف پروڈکٹس اور اسکیموں سے بھرپور استفادہ حاصل کر سکتی ہیں، بشرطیکہ معلومات کی مؤثر ترسیل اور رہنمائی کا مناسب نظام وضع کیا جائے۔

انہوں نے تجویز دی کہ خواتین کے لیے مشترکہ آگاہی سیمینارز، فنانشل لٹریسی ورکشاپس اور بزنس کونسلنگ سیشنز کا انعقاد کیا جائے تاکہ خواتین بینکنگ سسٹم سے مکمل طور پر جڑ سکیں۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں اداروں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ مستقبل میں باہمی تعاون کے تحت ایک مؤثر سپورٹ میکنزم تشکیل دیا جائے گا، جس کے ذریعے آزاد کشمیر میں خواتین کی قیادت میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور مقامی معیشت مستحکم ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: بچے کی پیدائش پر بینک کا والد کو چھٹی نہ دینا مہنگا پڑگیا، 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد

ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری آزاد کشمیر اور اے جے کے بینک کے مابین یہ پیش رفت خواتین کی معاشی خودمختاری کی جانب ایک مثبت اور عملی قدم قرار دی جا رہی ہے۔

Scroll to Top