مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)سابق وزیرحکومت و مسلم لیگی رہنما افتخار گیلانی نے سوشل میڈیا پر اپنے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بعض ممبران اسمبلی نے آج سنیٹرل پریس کلب مظفر آباد میں جو پریس کانفرنس کی اس سے پاکستان مسلم لیگ ن آزاد جموں کشمیر کا کوئی تعلق نہیں ہے ۔
سابق وزیرحکومت افتخار گیلانی نے اپنا سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن آزاد جموں کشمیر پی ٹی آئی اور اس کے منحرفین کے ساتھ شامل ہو کر حکومت مخالف کسی سرگرمی کا حصہ نہیں بنے گی
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کسی بھی انتشار کی متحمل نہیں ہوسکتی اور نہ ہی آزاد جموں کشمیر میں سیاسی عدم استحکام اور انتشار کا کسی کو باعث بننے دے گی ۔
مسلم لیگ ن ایسے اتنشاری ٹولے کا حصہ بننے کا سوچ بھی نہیں سکتی ۔ مسلم لیگ ن آزاد جموں کشمیر میں قائد محمد نواز شریف کی رہنمائی میںآئندہ عام انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے حکومت بنانے جا رہی ہے ۔
یاد رہے کہ اس سے قبل صدر مسلم لیگ ن شاہ غلام قادر نے اپوزیشن رہنمائوں کے ساتھ ملکر ایک پریس کانفرنس کی
اس پریس کانفرنس میں شاہ غلام قادر کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ آزادکشمیر میں نیا وزیراعظم آرہا ہے ۔
قائدِ حزبِ اختلاف شاہ غلام قادر نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی کے پاس واضح اکثریت نہیں ہے، اگر ان کا رویہ درست نہ ہوا تو عدم اعتماد کی تحریک لائی جا سکتی ہے۔
شاہ غلام قادر کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کا دور قریب ہے، اسی لیے ہم فی الحال صرفِ نظر کر رہے ہیں۔ ہمارا خیال تھا کہ یہ حکومت انتخابات کے لیے ایک عارضی انتظام ہے۔
لیکن پانچویں وزیراعظم کے آنے کی پیش گوئی اب سچ ثابت ہوتی نظر آرہی ہے۔ انہوں نے اسمبلی کی منظوری کے بغیر نئے منصوبے لانے کی مخالفت کی اور کہا کہ پاکستان اس علاقے کو والی وارث کے بغیر نہیں چھوڑ سکتا کیونکہ یہ اس کی آئینی ذمہ داری ہے۔




