پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی رینکنگ میں نمایاں بہتری: 32 ممالک تک ویزا فری رسائی

اسلام آباد: فروری 2026 کے ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی میں نمایاں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاکستان نے عالمی رینکنگ میں ایک درجے مزید ترقی پاتے ہوئے 97ویں پوزیشن حاصل کر لی ہے، جبکہ گزشتہ ایک سال کے دوران مجموعی طور پر پاسپورٹ کی حیثیت میں 6 درجے بہتری آئی ہے جو کہ گزشتہ سال 103ویں پوزیشن پر تھا۔

ویزہ فری اور آن ارائیول رسائی کی تفصیلات:

اس رینکنگ میں بہتری کے بعد اب پاکستانی شہری دنیا کے 32 ممالک میں ویزا فری، ویزا آن ارائیول یا ای ٹی اے کی سہولت کے ساتھ سفر کر سکتے ہیں۔ ان میں سے 11 ممالک ایسے ہیں جہاں جانے کے لیے پاکستانیوں کو پہلے سے ویزا لینے کی ضرورت نہیں، جن میں بارباڈوس، کوک آئی لینڈز، ڈومینیکا، ہیٹی، مائیکرونیشیا، مونٹسیراٹ، روانڈا، سینٹ ونسنٹ اینڈ گریناڈائنز، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو، وانواتو اور گیمبیا شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی رینکنگ: 126 سے 98 ویں نمبر تک پہنچ گیا

ایئرپورٹ پر ویزا کی فراہمی اور ای ٹی اے کی سہولت:

رپورٹ کے مطابق 18 ممالک ایسے ہیں جہاں پہنچنے پر پاکستانیوں کو ویزا جاری کیا جاتا ہے، ان ممالک میں برونڈی، کمبوڈیا، کیپ ورڈے، کومورو آئی لینڈز، جبوتی، گنی بساؤ، مڈغاسکر، مالدیپ، موزمبیق، نیپال، نیو، پالاؤ آئی لینڈز، قطر، ساموا، سینیگال، سیرا لیون، تیمور لیستے اور تووالو شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کینیا، سیچلس اور سری لنکا جانے کے لیے اب صرف آن لائن ای ٹی اے (ETA) حاصل کرنا ضروری ہے۔

عالمی منظرنامہ اور طاقتور ترین پاسپورٹ:

عالمی سطح پر طاقتور ترین پاسپورٹ کی فہرست میں سنگاپور 192 ممالک تک رسائی کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، جبکہ جاپان اور جنوبی کوریا (187) دوسرے اور سوئیڈن و متحدہ عرب امارات (186) کے ساتھ نمایاں ممالک میں شامل ہیں۔ ماہرین اس بہتری کو کامیاب سفارتی کوششوں کا نتیجہ قرار دے رہے ہیں جس سے شہریوں کے لیے بین الاقوامی سفر آسان ہو گیا ہے۔

مزید پڑھیں: طاقتور ترین پاسپورٹ کی فہرست جاری، پاکستان ایک بار پھر نیچے

Scroll to Top