ابوظہبی: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی سلامتی اور استحکام پاکستان کی اپنی سلامتی کا لازمی حصہ ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے نائب حکمران اور قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زاید النہیان سے اہم ملاقات کی۔
دوطرفہ تعاون اور سکیورٹی روابط:
ملاقات کے دوران پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تعاون، معاشی روابط، سرمایہ کاری اور سکیورٹی کے شعبوں میں تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے کی مجموعی صورتحال اور امن و استحکام پر بھی تفصیلی گفتگو کی اور خطے میں پائیدار امن کے فروغ کے لیے مسلسل رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں: افواجِ پاکستان کشمیریوں کے لیے ‘امید کی کرن’ اور واحد سہارا ہیں :سابق ڈپٹی سیکرٹری IIOJK فاروق کرمانی
تاریخی تعلقات اور اماراتی حمایت کا شکریہ:
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے متحدہ عرب امارات کی حکومت کی جانب سے پاکستان کی معیشت اور سکیورٹی کے لیے دہائیوں سے جاری مسلسل حمایت اور سرمایہ کاری پر دلی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعاون دونوں برادر ممالک کے گہرے تاریخی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی اقتصادی و سماجی ترقی میں اماراتی قیادت کے مثبت کردار کو بھی بھرپور انداز میں سراہا۔
اسٹریٹجک شراکت داری کا عزم:
فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مضبوط تاریخی تعلقات اور اسٹریٹجک شراکت داری موجود ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان تمام شعبوں میں اس شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھے گا تاکہ دونوں برادر اقوام کے مفادات کا تحفظ ہو اور خطے میں خوشحالی کو فروغ ملے۔




