سندھ کے ضلع خیرپور کے علاقے ٹنڈو مستی کے قریب قومی شاہراہ پر مسافر کوچ اور ٹریلر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے ۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ تیز رفتار کوچ کی اوور ٹیکنگ کے دوران پیش آیا جب وہ ٹریلر سے ٹکرا گئی ۔ حادثے میں مسافر کوچ کا ڈرائیور اور کنڈیکٹر بھی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔
تمام لاشیں اور زخمیوں کو فوری طور پر خیرپور سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ متاثرہ بس پنجاب سے کراچی جا رہی تھی ۔
ادھر آئی جی سندھ نے ایس ایس پی خیرپور کو فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچنے اور پولیس کی کارروائی کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کانگو میں کالٹن کی کان بیٹھنے سے 200 سے زائد افراد ہلاک
انہوں نے یہ بھی کہا کہ علاقے اور آس پاس کے علاقوں میں ریسکیو اور امدادی سرگرمیاں فوری طور پر یقینی بنائی جائیں ۔
یہ واقعہ ایک روز قبل کے المناک حادثے کے بعد سامنے آیا، جب کاٹھور کے قریب آئل ٹینکر اور مسافر بس سمیت متعدد گاڑیاں تصادم کا شکار ہوئیں، جس کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق ہوئے تھے ۔
پولیس کے مطابق یہ حادثہ انصاری پل کے قریب پیش آیا، جب ایک مسافر بس رانگ وے سے مخالف سمت میں آ گئی اور آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی ۔ تصادم کے نتیجے میں کئی دیگر گاڑیاں بھی متاثر ہوئیں اور ایک مسافر وین کی چھت پر سوار لوگ پل سے نیچے جا گرے ۔
حکام کے مطابق تیز رفتاری، لاپرواہی، اور حفاظتی اقدامات کی کمی اس قسم کے حادثات کی بڑی وجوہات ہیں ۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ قومی شاہراہوں پر گاڑیوں کی رفتار محدود رکھیں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کریں تاکہ انسانی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:لودھراں: باراتیوں سے بھری کوسٹر کی ٹرک سے ٹکر، 4افراد جاں بحق، درجنوں زخمی
یہ حادثہ ایک بار پھر ملک میں سڑکوں کی خستہ حالت اور مسافروں کی حفاظت کے لیے موثر اقدامات کی ضرورت کو اجاگر کرتا ہے ۔




