خواجہ فاروق

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی قریب ہے : خواجہ فاروق

 مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے پارلیمانی لیڈر خواجہ فاروق احمد نے بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمان کو آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے ذریعے وزیراعظم بننے پر مبارکباد دی اور ساتھ ہی پاکستان میں حالیہ انتخابات کے دوران مبینہ دھاندلی پر شدید تنقید کی ۔

تفصیلات کے مطابق خواجہ فاروق نے کہا کہ بنگلہ دیش، جو کل تک پاکستان کا حصہ تھا، آج اپنے شہریوں کو آزادانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے ذریعے ووٹ دینے کا حق دے رہا ہے جبکہ موجودہ پاکستان میں عوام کو ایسے نمائندے مسلط کیے گئے ہیں جو عوام میں جانے سے قاصر ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:طاقتیں تمہاری سہی مگر خدا ہمارا ہے، خواجہ فاروق شاہ غلام قادر کیخلاف پھٹ پڑے

انہوں نے کہا کہ فارم 47 کے ذریعے منتخب کیے گئے نمائندے عوامی مقبولیت کے بجائے سیاسی سازشوں کے نتیجے میں اسمبلی میں پہنچے اور پھر انہی نمائندوں نے وزیراعظم کا منصب سنبھالا۔ خواجہ فاروق احمد نے شہباز شریف کے مظفرآباد دورے کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ 5 فروری کو 2سی سی ایس اُمیدوار لڑکیوں کو سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے امتحانی مرکز تک پہنچنے نہیں دیا گیا، جس سے ان کا قیمتی سال ضائع ہو گیا ۔

خواجہ فاروق نے کہا کہ عمران خان انشاء اللہ جلد رہا ہوں گے اور اس کے بعد فارم 47 کے ذریعے منتخب ہونے والے نمائندوں کو پاکستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں عوام میں جانے اور جوابدہی سے بچنے کی اجازت نہیں ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ عوام ان سے روزانہ حساب لیں گے اور انصاف یقینی طور پر عمل میں آئے گا، چاہے وقت کچھ بھی ہو ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:خواجہ فاروق نے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کو اہم مشورہ دیدیا

خواجہ فاروق احمد نے مزید کہا کہ پاکستان میں موجودہ حالات نے عوامی نمائندگی کے نظام کو مفلوج کر دیا ہے لیکن بنگلہ دیش میں شفاف اور منصفانہ انتخابات سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ عوامی ووٹ کی طاقت ہمیشہ زندہ رہتی ہے ۔