رواں سال کا پہلا سورج گرہن 17 فروری کو ہوگا: کیا یہ پاکستان میں دکھائی دے گا؟

ہیوسٹن: ماہرینِ فلکیات کے مطابق رواں سال کا پہلا سورج گرہن 17 فروری کو ہونے جا رہا ہے۔ اسپیس ڈاٹ کام کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ گرہن انٹارکٹکا کے دور افتادہ حصوں میں دکھائی دے گا، جہاں سورج آگ کے ایک گولے (رنگ آف فائر) کی طرح نظر آئے گا۔ یہ نایاب منظر اس وقت پیش آئے گا جب چاند اپنے بیضوی مدار میں عین سورج کے سامنے آ جائے گا۔

چونکہ چاند مکمل طور پر سورج کو ڈھانپ نہیں پاتا، اس لیے سورج کی کرنیں سرخی مائل دکھائی دیں گی اور چاند کا سایہ سورج پر پھیلتا چلا جائے گا۔ اس سے اگلے مرحلے میں ‘رنگ آف فائر’ کا منظر ابھرے گا، جس کے دوران آسمان قدرے تاریک ہو جائے گا اور سورج کا بیرونی کنارہ ایک سنہری حلقے کی مانند نظر آئے گا۔ یہ منظر انٹارکٹکا کے مختلف حصوں میں تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہے گا، جس کے بعد سنہری حلقہ آہستہ آہستہ ختم ہونا شروع ہو جائے گا۔ تیسرے مرحلے میں چاند سورج کے سامنے سے ہٹنا شروع ہوگا اور آخری مرحلے میں مکمل طور پر سامنے سے ہٹ جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ہربھجن سنگھ کی بھارتی بیٹرز کو پاکستانی اسپنر عثمان طارق سے بچ کر کھیلنے کی ہدایت

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگرچہ یہ منظر چند مخصوص علاقوں میں نظر آئے گا، لیکن اسے براہ راست دیکھنا بینائی کے لیے انتہائی خطرناک ہو سکتا ہے۔ اسے دیکھنے کے خواہشمند افراد کے لیے خصوصی چشمے یا سولر فلٹر استعمال کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

دوسری جانب، اس سورج گرہن کے تقریباً دو ہفتے بعد، 3 مارچ کو آسمان پر چاند سرخی مائل دکھائی دے گا، جسے ‘بلڈ مون’ کہا جاتا ہے۔ یہ سال کا پہلا بلڈ مون ہوگا جو شمالی امریکہ، مشرقی ایشیا اور آسٹریلیا میں نظر آئے گا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ 17 فروری کا سورج گرہن پاکستان سمیت ایشیا کے زیادہ تر ممالک میں دکھائی نہیں دے گا۔

مزید پڑھیں: آسمان پر دو سورج نمودار! شہریوں نے دلفریب لمحہ محفوظ کر لیا

Scroll to Top