وادی لیپہ: برف باری کے باعث راستے بند، پاک فوج کے ڈاکٹرز نے حاملہ خاتون کی جان بچا لی

لیپہ :وادی لیپہ میں شدید برف باری اور زمینی رابطہ منقطع ہونے کے دوران پاک فوج کے زیر انتظام قائم ایل ٹی ایف ٹی سی (LTFTC) نے ایک بار پھر مقامی آبادی کے لیے مسیحا کا کردار ادا کرتے ہوئے بروقت آپریشن کے ذریعے ماں اور بچے کی جان بچا لی۔

تفصیلات کے مطابق وادی لیپہ میں حالیہ برف باری کے باعث مظفرآباد اور دیگر شہروں سے رابطہ منقطع ہو چکا ہے، جبکہ علاقے میں تعینات گائناکالوجسٹ بھی چھٹی پر ہونے کی وجہ سے دستیاب نہ تھیں۔ اسی دوران ایک مریضہ، جس کی ڈیلیوری میں ابھی چند دن باقی تھے، کی طبیعت اچانک انتہائی ناساز ہو گئی۔ مریضہ کو تشویشناک حالت میں فوری طور پر ایل ٹی ایف ٹی سی لیپہ منتقل کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: طوفانی برفباری، وادی لیپا کا زمینی رابطہ منقطع،مسافروں سے بھری گاڑی پھنس گئی

طبیعت کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ماہرین کا کہنا تھا کہ اگر فوری طور پر ڈیلیوری نہ کی گئی تو ماں اور بچے دونوں کی جان کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے تھے۔ صورتحال کی نزاکت کو بھانپتے ہوئے کمانڈر لیپہ گارڈز کی خصوصی ہدایت پر ایل ٹی ایف ٹی سی کے سرجن ڈاکٹر اور فی میل اسٹاف نے فوری آپریشن کا فیصلہ کیا۔

پاک فوج کے طبی عملے نے انتہائی مہارت کے ساتھ بروقت کامیاب آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں الحمدللہ ماں اور بچہ دونوں محفوظ اور صحت یاب ہیں۔ اس مشکل گھڑی میں بروقت طبی امداد کی فراہمی پر لواحقین نے پاک فوج، کمانڈر لیپہ گارڈز اور ایل ٹی ایف ٹی سی کے ڈاکٹرز کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے اور ادارے کی خدمات کو وادی کے عوام کے لیے کسی نعمت سے کم قرار دیا ہے۔

مزید پڑھیں: وادی لیپا: سخت موسم میں بھی پاک فوج کی عوامی خدمات جاری

Scroll to Top