حماس نے 6 اسرائیلی چھوڑ دئیے،نیتن یاہو نے فلسطینی قیدیوں کی رہائی روک دی

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے حماس کی طرف سے رہائی پانے والے 6 یرغمالیوں کے بدلے فلسطینی قیدیوں کی طے شدہ رہائی روک دی ہے۔
حماس نےگزشتہ روز جنگ بندی معاہدے کے تحت چھ اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کیا تھا جس کے بدلے میں اسرائیل نے 600 سے زائد فلسطینی قیدیوں کو رہا کرنا تھا ۔

یہ بھی پڑھیں۔غزہ جنگ بندی،3اسرائیلی،300 فلسطینی قیدی آج رہا ہوں گے، نام سامنے آگئے

اب اسرائیلی وزیراعظم نے فلسطینی قیدیوں کی رہائی روک دی ہے۔اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ قیدیوں کی رہائی کو ملتوی کرنے کا فیصلہ حماس کی جانب سے بار بار کی جانے والی خلاف ورزیوں کے باعث کیا گیا ہے، جس میں ہمارے قیدیوں کے وقار کو مجروح کرنے والے واقعات اور پروپیگنڈے کے لیے ان کا مذموم سیاسی استعمال بھی شامل ہے۔

نیتن یاہو نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ فلسطینی قیدیوں کی رہائی اس وقت تک روکی گئی ہے جب تک ہمارے اگلے قیدیوں کی رہائی توہین آمیز تقاریب کے بغیر انجام نہیں دی جاتی۔
واضح رہے کہ نیتن یاہو نے یہ بیان فلسطینی قیدیوں کی رہائی میں کئی گھنٹے کی تاخیر کے بعد جاری کیا ہے جب کہ دوسری جانب فلسطین کے مغربی کنارے میں سینکڑوں خاندان اب بھی اسرائیلی جیلوں میں برسوں سے قید اپنے پیاروں کی رہائی کے منتظر ہیں۔

Scroll to Top