چیمپئنز ٹرافی کا سب سے بڑا مقابلہ آج ہوگا،جیتے گا کون،بھارت یا پاکستان؟بڑی پیشگوئی پر شائقین حیران

 

 چیمپئنز ٹرافی میں اب تک کا سب سے بڑا ٹاکرا آج پاکستان اور بھارت کے درمیان دبئی میں ہوگا۔پاک بھارت میچ سے قبل شائقین میں کرکٹ کا بخار عروج پر ہے اور شائقین بھی پرجوش ہیں کہ انہیں ایک اچھا میچ دیکھنے کو ملے گا۔ماضی کے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ایونٹس میں دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے میچوں کی بات کی جائے تو پاکستان ٹیم کو بھاری برتری حاصل ہے۔

چیمپئنز ٹرافی کے مقابلوں میں دونوں ٹیمیں 5 مرتبہ آمنے سامنے ہو چکی ہیں جن میں سے 3 بار پاکستان نے فتح حاصل کی ہے جب کہ 2 بار بھارت نے کامیابی حاصل کی ہے۔چیمپئنز ٹرافی کے 5 میچز میں پاکستان کو بھاری برتری حاصل ہے ۔دبئی میں شیڈول ایونٹ میں روایتی حریف ہائی وولٹیج میچ میں آج آمنے سامنے ہوں گے۔

میچ دوپہر 2:00 بجے شروع ہوگا،گروپ اے میں شامل ٹیموں کے درمیان یہ تیسرا میچ ہے۔اس سے قبل پاکستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ بھارت نے بنگلہ دیش کو چھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔واضح رہے کہ ہفتہ کو پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھلاڑیوں اور کوچز سے ملاقات کی۔دوسری جانب قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا کہ ہماری ٹیم میں اسپنرز کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

دبئی ہو یا پاکستان، ہمارے کھلاڑیوں کا مورال ہمیشہ بلند ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کا میچ جیتنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔ ہمارے پاس دنیا کے بہترین تیز گیند باز ہیں۔
ادھر روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ کے حوالے سے ایک ہندو بابا کی نئی پیشگوئی نے شائقین کرکٹ کو حیران کر دیا ہے۔بھارت میں اپنی درست پیش گوئیوں کے لیے مشہور ایک بابا نے دنیا کے سب سے بڑے حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کی پیش گوئی کر کے ایک زبردست بحث چھیڑ دی ہے۔ بابا نے چیمپئنز ٹرافی کے ہائی وولٹیج مقابلے کے لیے پاکستان کو فیورٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس بار بھارت نہیں جیتے گا ان کا یہ بیان سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے جس پر انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

Scroll to Top