مظفرآباد،باسی گوشت کی ترسیل پرفوڈ اتھارٹی کا سخت ایکشن،کوسٹر ضبط کرادی

مظفرآباد:فوڈ اتھارٹی مظفرآبادنے عوامی صحت کے تحفظ کیلئے جاری کریک ڈاؤن کے دوران بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر غیر معیاری گوشت کی ترسیل میں ملوث کوسٹر گاڑی کوضبط کرتے ہوئے تھانہ چھتر میں ایف آئی آر درج کرادی۔

فوڈ اتھارٹی ٹیم نے دورانِ چیکنگ گاڑی روکی ، تلاشی کے دوران گاڑی سے غیر معیاری اور غیر قانونی گوشت برآمد ہوا، جو فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2017 اور پیور فوڈ ریگولیشن 2019 کی خلاف ورزی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فوڈ اتھارٹی کا باسی فروزن فوڈ فروخت کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈائون،2دکانیں سیل

ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق مذکورہ ترسیل پر پہلے ہی پابندی عائد تھی، اس کے باوجود قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے عوامی صحت کو شدید خطرے میں ڈالا گیا۔

واقعے پر فوری ایکشن لیتے ہوئے گاڑی تحویل میں لے لی گئی جبکہ ذمہ داران کے خلاف فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2017 کے تحت قانونی کارروائی کے لیے تھانہ چھتر میں درخواست دے دی گئی ہے۔

ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مظفرآباد ابرار احمد میر نے کہا ہے کہ عوامی صحت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

غیر قانونی اور غیر معیاری خوراک کے کاروبار کے خلاف فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن بلا تعطل جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ آزاد کشمیر میں کیمیکل ملا دودھ اور جعلی فوڈز پر اہم سماعت

قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جا رہا ہے اور آئندہ بھی ایسے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔

کارروائی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر راجہ حنیف، محب علی، حرم بٹ سمیت معاون عملہ نے حصہ لیا۔

Scroll to Top