شدید بارش اور برفباری کے باعث وزیر مواصلات نےمحکمہ شاہرات کو ہائی الرٹ کر دیا

باغ (کشمیر ڈیجیٹل )آزاد کشمیر میں گزشتہ رات سے جاری شدید بارش اور برفباری کے دوسرے اسپیل کے تناظر میں وزیر مواصلات و تعمیرات عامہ سردار ضیاءالقمر نے محکمہ مواصلات و تعمیرات عامہ (شاہرات) کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔

زیر مواصلات و تعمیرات عامہ نے کہا ہے کہ تمام اضلاع میں ایگزیکٹو انجینئرز اور فیلڈ اسٹاف کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت متحرک رہیں اور عوام الناس کو بلا تعطل سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔

سردار ضیاءالقمر نے کہا کہ آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں جاری شدید موسمی صورتحال کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے، تاہم عوام الناس سے اپیل ہے کہ وہ موجودہ حالات کو صبر و تحمل کے ساتھ برداشت کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ شاہرات دستیاب وسائل کو بروئے کار لا رہا ہے تاکہ ہر ممکن کوشش کے ذریعے عوام کو سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: وادی نیلم میں برفباری نے پانچ سال کا ریکارڈ توڑ دیا، شاہراہیں بند، لینڈسلائیڈنگ کا خطرہ

ان کا کہنا تھا کہ حالیہ شدید ترین بارش اور برفباری کے باعث بالخصوص پہاڑی علاقوں میں روڈ نیٹ ورک بری طرح متاثر ہوا ہے، جس کے باعث شاہرات کی بحالی ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر محکمہ شاہرات نے اپنی ترجیحات طے کر لی ہیں، جن کے مطابق پہلے مرحلے میں مین اور بین الضلعی شاہرات کو ٹریفک کے لیے بحال رکھا جائے گا تاکہ آمد و رفت کا بنیادی نظام متاثر نہ ہو۔

انھوں نے مزید کہا کہ دوسرے مرحلے میں علاقائی اور لنک روڈز کی بحالی کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے گا تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت اور آسانی فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ شاہرات کے افسران، عملہ اور بالخصوص فرنٹ لائن ورکرز سخت موسمی حالات میں اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں، جو قابلِ تحسین ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بالائی علاقوں میں برفباری کا نیا سپیل، ہر شے سفید چادر میں ڈھک گئی

سردار ضیاءالقمر نے کہا کہ وہ عوام الناس کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں اور اس ضمن میں محکمہ شاہرات کے تمام افسران اور عملے کی محنت اور جذبہ خدمت کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کی سلامتی اور آسانی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور محکمہ ہر مشکل موسم میں عوام کے لیے مکمل طور پر تیار اور ہائی الرٹ رہے گا۔

Scroll to Top