انگلینڈ کے لیجنڈری سابق فٹبال اسٹار سر ڈیوڈ بیکہم کے بیٹے نے والدین کے خلاف سخت بیان جاری کر کے دنیا بھر میں توجہ حاصل کر لی ہے۔ بروکلن بیکہم نے والدین کے ساتھ تعلقات میں کشیدگی اور ذاتی اختلافات کی تفصیلات ایک طویل انسٹاگرام پوسٹ میں بیان کیں۔
دنیا کے معروف فٹبالر ڈیوڈ بیکہم اور ان کی اہلیہ فیشن ڈیزائنر وکٹوریا بیکہم اپنے بڑے بیٹے بروکلن بیکہم کی وجہ سے خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں۔ رواں سال کے آغاز میں ڈیوڈ بیکہم نے خاندانی اختلافات کو بھلا کر نفرت کو محبت میں بدلنے کی کوشش کی اور اپنے بیٹے سے صلح کا آغاز کیا، جب کہ انہیں برطانوی حکومت کی جانب سے ’سر‘ کے خطاب سے نوازا گیا تو اس خوشی کے موقع پر انہوں نے اپنے تمام خاندان کو یاد رکھا۔
پیر کی رات بروکلن بیکہم نے انسٹاگرام پر ایک طویل پوسٹ میں اپنے والدین ڈیوڈ اور وکٹوریا بیکہم کے خلاف اپنی دل کی بھڑاس نکالی۔ 26 سالہ بروکلن نے اپنے بیان میں الزام لگایا کہ والدین خاندان سے متعلق بیانیے کو کنٹرول کرتے رہے اور ان کی شادی میں مداخلت کی کوشش کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ اپنے خاندان سے مفاہمت نہیں چاہتے اور اپنی زندگی میں پہلی بار اپنے لیے کھڑے ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:بھارتی فضائیہ کا تربیتی طیارہ پریاگ راج میں تالاب میں گر کر تباہ
سوشل میڈیا صارفین نے اس پوسٹ پر مختلف ردعمل دیا۔ کچھ کا کہنا تھا کہ بروکلن کو یہ شکایتیں براہ راست اپنے والدین کے سامنے کرنی چاہئیں تھیں، اور والدین کے خلاف شکوے شکایتوں پر مشتمل یہ پوسٹ ہر جدید والدین کا بدترین خواب ہے۔
بعد ازاں، عالمی شہرت یافتہ فٹبالر ڈیوڈ بیکہم نے بیٹے کی پوسٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ والدین کو اپنے بچوں کو غلطیاں کرنے دینا چاہیے کیونکہ بعض اوقات بچے خود اپنی غلطیوں سے سیکھتے ہیں۔
تنازع کی شروعات:
بروکلن بیکہم نے اپنی پوسٹ میں مزید بتایا کہ یہ کشیدگی 2022 میں ہونے والی ان کی شادی کے دوران شدت اختیار کر گئی، جب وکٹوریا بیکہم نے تقریب سے چند دن پہلے نکولا کے عروسی لباس کو ڈیزائن کرنے کا منصوبہ منسوخ کر دیا اور ان پر اپنے نام کے حقوق حوالے کرنے کے لیے دباؤ ڈالا۔ بروکلن کے مطابق والدہ نے ان کا پہلا ڈانس بھی ہائی جیک کر لیا، جسے انہوں نے توہین آمیز لمحہ قرار دیا۔ مزید یہ کہ شادی سے چند ہفتے قبل والدین نے بار بار دباؤ ڈال کر انہیں نام کے حقوق سے دستبردار ہونے کی کوشش کی۔




