پی ٹی اے نے سوشل میڈیا صارفین کو سخت کارروائی کا انتباہ دیدیا

اسلام آباد:پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)نے سوشل میڈیا صارفین کو سخت کارروائی کا انتباہ جاری کردیا ہے۔

پی ٹی اے کی جانب سے سوشل میڈیا صارفین کو کہا گیا کہ نفرت انگیز، ہتک آمیز یا گمراہ کن مواد کی اشاعت، ترسیل سے گریز کریں۔

یہ بھی پڑھیں: آج انٹرنیٹ سروسز متاثر نہیں ہونگی، پی ٹی اے کی وضاحت

پی ٹی اے نے کہا کہ سوشل میڈیا صارفین سے درخواست ہے کہ گمراہ کن مواد فوری ہٹا دیں اور ایسے بیانیوں، مہم کا حصہ بننے سے بھی اجتناب کریں۔

سوشل میڈیا پر جاری کردہ پوسٹ میں کہا گیا کہ قومی سالمیت کو نقصان پہنچانے، ریاستی اداروں، افراد کی عزت و وقار مجروح کرنے والی مہم کا حصہ نہ بنیں۔

پی ٹی اے نے کہا کہ پیکا ایکٹ کے تحت جان بوجھ کر جھوٹی معلومات پھیلانا، کسی کی ساکھ کو نقصان پہنچانا قابل سزا جرم ہے، صارفین کی جانب سے ذمہ دارانہ ڈیجیٹل رویہ قومی ذمہ داری ہے۔

پی ٹی اےنے واضح کیا کہ پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) 2016 کی دفعہ 20کے تحت جان بوجھ کر جھوٹی معلومات پھیلانا، جو کسی فرد کی ساکھ کو نقصان پہنچائے یا اس کی نجی زندگی کیخلاف ہو قابل سزا جرم ہے۔

اتھارٹی نے تمام سوشل میڈیا صارفین کو کسی بھی قسم کے غیر قانونی، نفرت انگیز، ہتک آمیز یا گمراہ کن مواد کی تیاری، اشاعت اور ترسیل سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے ، ایسا کوئی بھی مواد فوری طور پر ہٹا دیا جانا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیردفاع خواجہ آصف سے منسوب سوشل میڈیا پروائرل خبر فیک نکلی

پی ٹی اے نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی پر بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔