انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے ون ڈے پلیئرز کی تازہ رینکنگ جاری کر دی گئی ہے، جس میں بیٹنگ، بولنگ اور آل راؤنڈرز کی درجہ بندی شامل ہے۔
جاری کردہ فہرست کے مطابق بھارت کے سابق کپتان ویرات کوہلی چار سال کے طویل عرصے کے بعد ایک بار پھر ون ڈے کرکٹ میں بیٹرز کی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر آ گئے ہیں۔ یہ پیش رفت عالمی کرکٹ میں ایک اہم تبدیلی کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔
آئی سی سی پلیئرز رینکنگ کے مطابق پاکستان کے سابق کپتان بابراعظم کی ون ڈے بیٹرز کی فہرست میں چھٹی پوزیشن بدستور برقرار ہے۔ رینکنگ میں دیگر نمایاں تبدیلیوں میں نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل شامل ہیں، جو ایک درجہ بہتری کے بعد دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں، جب کہ بھارت کے روہت شرما دو درجے تنزلی کے بعد تیسری پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔
آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ نے ایک درجہ ترقی حاصل کرتے ہوئے چوتھی پوزیشن سنبھال لی ہے، جب کہ پاکستان کے سعود شکیل ون ڈے بیٹرز کی فہرست میں نویں نمبر پر موجود ہیں۔ اسی فہرست میں بھارتی کھلاڑی کے ایل راہول نے ایک درجہ بہتری کے بعد گیارہویں پوزیشن حاصل کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی20 آل راؤنڈر رینکنگ جاری،صائم ایوب نے نمبرون پوزیشن گنوادی
ون ڈے بولرز کی رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔ انگلینڈ کے جوفرا آرچر دوسرے نمبر پر موجود ہیں، جب کہ بھارت کے کلدیپ یادیو تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔ بھارت کے محمد سراج نے پانچ درجے بہتری حاصل کرتے ہوئے سولہویں پوزیشن حاصل کی، جبکہ رویندرا جڈیجہ پانچ درجے تنزلی کے بعد اکیسویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔
آئی سی سی ون ڈے آل راؤنڈرز رینکنگ میں افغانستان کے عظمت اللّٰہ عمرزئی کی پہلی پوزیشن بدستور برقرار ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ کی بات کی جائے تو بیٹرز میں انگلینڈ کے جو روٹ پہلے، ہیری بروک دوسرے اور آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ ٹیسٹ بولرز کی رینکنگ میں بھارت کے جسپریت بمرا پہلی پوزیشن پر ہیں، جبکہ پاکستان کے نعمان علی دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ ٹیسٹ آل راؤنڈرز میں بھارت کے رویندرا جڈیجہ کا پہلا نمبر برقرار ہے۔




