ہٹیاں بالا/میرپور: افضل پور پولیس نے قتل کے مقدمے میں مطلوب ملزم کو کامیابی سے گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بلال شیخ ولد سعید شیخ، سکنہ دھنی شاہدرہ، چند روز قبل تھانہ افضل پور کی حدود میں قتل کی واردات میں ملوث تھا اور واردات کے بعد روپوش ہو گیا تھا۔پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے تاہم وہ گرفتاری سے بچتا رہا۔ بالآخر ایس ایچ او سٹی ہٹیاں بالا نوید الحسن کی قیادت میں ایک خصوصی ٹیم نے جدید تکنیکی ذرائع اور خفیہ اطلاعات کی مدد سے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ بعد ازاں قانونی کارروائی کے لیے اُسے افضل پور پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
ایس ایچ او نوید الحسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قانون شکن عناصر کے خلاف کارروائی جاری رہے گی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس عوام کے تعاون سے جرائم کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔
افضل پور پولیس نے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہےجبکہ مقتول کے ورثا نے پولیس کی اس کامیاب کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ملزم کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔