سوزوکی سوئفٹ اقساط پر خریدنے کیلئے اسکیم متعارف

پاکستان میں گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر، بینکنگ سیکٹر نے آٹو فنانسنگ کو فروخت بڑھانے کا مؤثر ذریعہ قرار دیا ہے۔ اس حوالے سے یونائیٹڈ بینک لمیٹڈنے “UBL Drive” نامی نئی اسکیم متعارف کروائی ہے، جس کے تحت صارفین اب مختلف ماڈلز کی سوزوکی سوئفٹ آسان اقساط پر خرید سکتے ہیں۔

UBL Drive اسکیم میں سوزوکی سوئفٹ کے تمام دستیاب ماڈلز شامل کیے گئے ہیں۔ ان ماڈلز میں سوئفٹ GL مینوئل، GL CVT اور GLX CVT شامل ہیں۔ اس اسکیم کے تحت صارفین کو ریذیڈیول ویلیو (Residual Value) کا آپشن بھی فراہم کیا گیا ہے، جس کے ذریعے ماہانہ اقساط کو نسبتاً کم رکھا جا سکتا ہے جبکہ فنانسنگ مدت کے اختتام پر گاڑی کی ایک بڑی رقم ادا کرنے کا اختیار دیا جاتا ہے۔ اس آپشن کو ان صارفین کے لیے مفید قرار دیا جا رہا ہے جو ماہانہ کم قسط ادا کرنا چاہتے ہیں۔

بینک کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق سوزوکی سوئفٹ کی قیمتیں ماڈل کے حساب سے مختلف ہیں۔ یہ قیمتیں تقریباً 44.6 لاکھ روپے سے شروع ہو کر 47.7 لاکھ روپے تک جاتی ہیں۔ اسی طرح ابتدائی ادائیگی، جسے ایکویٹی کنٹری بیوشن کہا جاتا ہے، تقریباً 13.4 لاکھ روپے سے شروع ہوتی ہے، جس کے بعد بقایا رقم بینک سے فنانسنگ کے ذریعے ادا کی جا سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آڈی کی لاجواب فیچرز کی حامل الیکٹرک گاڑی نے تہلکہ مچا دیا

تفصیلات کے مطابق، اگر سوئفٹ GL مینوئل ماڈل کی بات کی جائے تو اس کی قیمت 43.36 لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔ اس ماڈل کے لیے صارف کو ابتدائی طور پر 13.44 لاکھ روپے ادا کرنا ہوں گے، جبکہ بقایا 29.91 لاکھ روپے فنانسنگ کے تحت آئیں گے۔ عام فنانسنگ پلان کے تحت اس ماڈل کی ماہانہ قسط تقریباً 1.03 لاکھ روپے بنتی ہے، جبکہ ریذیڈیول ویلیو پلان کے تحت یہی قسط کم ہو کر تقریباً 69,567 روپے ماہانہ رہ جاتی ہے۔

اسی طرح سوئفٹ GL CVT ماڈل کے لیے ابتدائی ادائیگی 15.96 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ ریذیڈیول ویلیو پلان کے تحت اس کی ماہانہ قسط تقریباً 68,711 روپے بنتی ہے۔ اعلیٰ ماڈل GLX CVT کے لیے بھی ریذیڈیول ویلیو پلان میں ماہانہ قسط تقریباً 69,128 روپے مقرر کی گئی ہے۔

UBL نے واضح کیا ہے کہ معیاری فنانسنگ پلان میں ماہانہ اقساط نسبتاً زیادہ ہوتی ہیں، تاہم ریذیڈیول ویلیو پلان میں صارفین کو کم ماہانہ قسط اور مدت کے اختتام پر بڑی رقم ادا کرنے کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ بینک کے مطابق اس اسکیم کے لیے درخواستیں UBL Drive پورٹل کے ذریعے جمع کروائی جا سکتی ہیں، جبکہ یہ آفر محدود مدت اور مخصوص شاخوں تک محدود ہے۔

بینک نے صارفین کو آگاہ کیا ہے کہ گاڑیوں کی قیمتیں، فنانسنگ کی شرائط اور ماہانہ اقساط وقت کے ساتھ تبدیل ہو سکتی ہیں، اور تمام درخواستیں بینک کی کریڈٹ پالیسی اور متعلقہ شرائط کے مطابق ہی پراسیس کی جائیں گی۔

Scroll to Top