ایران میں اسٹار لنک کے ذریعے مفت انٹرنیٹ فراہم کر دیا گیا

ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے ایران میں اسٹار لنک سیٹلائٹ سروس کے ذریعے مفت انٹرنیٹ فراہم کر دیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق اسپیس ایکس کی جانب سے یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران میں کئی روز سے انٹرنیٹ سروس بند ہے، جس کے باعث حالاتِ حاضرہ اور زمینی صورتحال سے متعلق درست معلومات حاصل کرنا مشکل ہو گیا ہے، جبکہ ہلاکتوں کی اصل تعداد جاننا بھی ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپیس ایکس کی اسٹار لنک سروس کے تحت ایران میں پہلے سے غیر فعال اسٹار لنک اکاؤنٹس کو دوبارہ فعال کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ان اکاؤنٹس کی سبسکرپشن فیس بھی معاف کر دی گئی ہے، جس کے نتیجے میں صارفین کو بلا معاوضہ سیٹلائٹ انٹرنیٹ تک رسائی حاصل ہو رہی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد انٹرنیٹ بندش کے دوران معلومات کے بہاؤ کو ممکن بنانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران میں حکومت مخالف مظاہرے، امریکی شہریوں کو ایران چھوڑنے کی ہدایت

رپورٹ کے مطابق ایرانی حکومت نے ملک کے مختلف علاقوں میں جیمزر نصب کر رکھے ہیں تاکہ مفت انٹرنیٹ کی فراہمی کو روکا جا سکے۔ تاہم امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کے باوجود بیشتر علاقوں میں اسٹار لنک کے ذریعے انٹرنیٹ سروس بحال ہے اور صارفین اس سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ انٹرنیٹ بحالی کے باعث صارفین کو رابطے اور معلومات تک رسائی میں کسی حد تک سہولت میسر آئی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق اسپیس ایکس کی جانب سے ایران میں مفت انٹرنیٹ فراہم کرنے کا اعلان صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایلون مسک کے درمیان حالیہ ٹیلیفونک رابطے کے بعد سامنے آیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس ٹیلیفونک گفتگو کے دوران ایران میں اسٹار لنک سروس کی فراہمی کے حوالے سے بات چیت ہوئی تھی، جس کے بعد یہ اقدام عمل میں لایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایران سے 200 سے زائد پاکستانی طلبا اور شہریوں کی گوادر کے راستے وطن واپسی

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران میں انٹرنیٹ کی طویل بندش کے باعث اطلاعات کی ترسیل شدید متاثر ہوئی، جس کے تناظر میں اسٹار لنک کے ذریعے مفت انٹرنیٹ کی فراہمی کو ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ اسپیس ایکس کی جانب سے یہ سروس سیٹلائٹ کے ذریعے فراہم کی جا رہی ہے، جس سے زمینی نیٹ ورکس پر انحصار کم ہو جاتا ہے اور صارفین کو براہِ راست کنیکٹیویٹی میسر آتی ہے۔

Scroll to Top