رونالڈو مڈل ایسٹ کےبہترین پلیئر قرار، نیا سنگ میل عبور کرنے کا عزم بھی ظاہر کردیا

عالمی شہرت یافتہ فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے کہا ہے کہ فٹبال کے لیے ان کا جذبہ آج بھی پہلے کی طرح مضبوط ہے اور انہیں پورا یقین ہے کہ وہ اپنے کیریئر میں ایک ہزار گولز کا تاریخی سنگِ میل ضرور عبور کریں گے۔

گلوب سوکر ایوارڈز میں بہترین مڈل ایسٹ پلیئر کا اعزاز حاصل کرنے کے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رونالڈو نے تسلیم کیا کہ اعلیٰ سطح پر کھیل جاری رکھنا جسمانی طور پر مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لیجنڈ فٹبالر رونالڈو کے پرتعیش ولاز ،ہوش اڑا دینے والی قیمت سامنے آگئی

تاہم ان کا کہنا تھا کہ ان کی حوصلہ افزائی اور جذبہ بدستور برقرار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل کے دباؤ کے باوجود فٹبال سے محبت ہی انہیں آگے بڑھنے کی طاقت دیتی ہے۔

مسلسل کھیلنا مشکل ضرور ہے، لیکن میں پُرجوش ہوں۔ میرا جذبہ اب بھی بلند ہے اور میں کھیل جاری رکھنا چاہتا ہوں، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ میں مشرقِ وسطیٰ میں کھیلوں یا یورپ میں، مجھے فٹبال کھیلنے میں ہمیشہ مزہ آتا ہے اور میں اسے جاری رکھنا چاہتا ہوں۔‘

انہوں نے کہا کہ اگرچہ انفرادی ریکارڈز اہم ہوتے ہیں، لیکن ان کا اصل مقصد صرف ذاتی کامیابیاں نہیں۔

رونالڈو نے واضح کیا کہ وہ اپنی ٹیم کے ساتھ ٹرافیاں جیتنا چاہتے ہیں اور ساتھ ہی اپنے گولز کی تعداد میں اضافہ بھی جاری رکھیں گے۔

آپ سب جانتے ہیں کہ میرا ہدف کیا ہے، میں ٹرافیاں جیتنا چاہتا ہوں اور اس نمبر تک پہنچنا چاہتا ہوں جس کے بارے میں سب بات کرتے ہیں، اگر میں انجری سے محفوظ رہا تو میں یہ ہدف ضرور حاصل کروں گا۔‘

النصر میں شمولیت کے بعد کرسٹیانو رونالڈو سعودی فٹبال لیگ کی ایک نمایاں شخصیت بن چکے ہیں، انہوں نے نہ صرف گولز اور تجربہ فراہم کیا بلکہ عالمی سطح پر لیگ کی مقبولیت میں بھی اضافہ کیا، جس کا اعتراف گلوب سوکر ایوارڈز کی جانب سے کیا گیا۔

عمر اور توقعات کو مسلسل مات دیتے ہوئے رونالڈو کی ایک ہزار گولز کی جدوجہد ان کے شاندار کیریئر کا ایک اور تاریخی باب بننے جا رہی ہے، موجودہ فٹنس اور فارم کو دیکھتے ہوئے یہ سنگ میل اب پہلے سے کہیں زیادہ قریب محسوس ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں؛ سپرسٹاررونالڈو کی دل کو چھولینے والی پیار بھری ویڈیو وائرل

سعودی عرب کے کلب النصر کی نمائندگی کرنیوالے پرتگالی فٹبالر نے ہفتے کے روز 2 گول اسکور کیے جس کے بعد کلب اور قومی ٹیم کے لیے ان کے مجموعی گولز کی تعداد 956 ہو گئی۔

40 سالہ رونالڈو نے عندیہ دیا کہ وہ کم از کم ایک یا 2 سال مزید فٹبال کھیلنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جس سے ایک ہزار گولز کا ہدف اب پہلے سے کہیں زیادہ قریب دکھائی دیتا ہے۔

Scroll to Top