ملک کے مختلف حصوں میں موسم سرد، بارش اور برفباری کی پیشگوئی

اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ بعض علاقوں میں بارش اور برفباری کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران ملک کے بالائی اور شمالی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں چترال، دیر، کوہستان اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ آزاد کشمیر میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے، تاہم بعض بلند مقامات پر ہلکی بارش یا برفباری ہو سکتی ہے۔

مزید یہ کہ مری، گلیات اور گرد و نواح میں موسم سرد رہے گا اور درجہ حرارت میں مزید کمی متوقع ہے۔ ان علاقوں میں سیاحوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سردی کی نئی لہر ، این ڈی ایم اے کا بارش و برف باری سے متعلق الرٹ جاری

پنجاب کے مختلف شہروں لاہور، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، گوجرانوالہ اور گجرات میں اسموگ چھائے رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جہلم، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، بہاولنگر، اوکاڑہ، ساہیوال، ملتان، خانیوال، خانپور، کوٹ ادو، بہاولپور کے علاوہ سندھ کے شہر سکھر، روہڑی، شکارپور، کشمور اور لاڑکانہ میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے، جس سے حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔ اسی طرح خیبرپختونخوا کے شہروں پشاور، صوابی، مردان، چارسدہ، نوشہرہ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی دھند متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بونڈائی بیچ حملہ آور نومبر میں بھارتی پاسپورٹ پر فلپائن پہنچے، فلپائنی حکومت

محکمہ موسمیات نے شہریوں اور مسافروں کو محتاط رہنے، گاڑیوں میں فوگ لائٹس کے استعمال اور موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہنے کی ہدایت کی ہے۔ قبل ازیں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے بھی ملک کے بالائی علاقوں میں 13 سے 18 دسمبر کے دوران بارش اور برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ایڈوائزری جاری کی تھی۔

Scroll to Top