گلگت: الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے گلگت بلتستان اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کے انعقاد کے سلسلے میں تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کیلئے کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) طلب کر لی۔
چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے اس حوالے سے کہنا ہے کہ گلگت بلتستان اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کے انعقاد کے سلسلے میں تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے لیے18دسمبر کو کل جماعتی کانفرنس منعقد کی جا رہی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر کے مطابق گلگت بلتستان اسمبلی کے عام انتخابات مورخہ 24 جنوری 2026 کو منعقد ہونے ہیں۔
انتخابی عمل کو صاف، شفاف، منصفانہ اور جمہوری اصولوں کے مطابق یقینی بنانے کے لیے کل جماعتی کانفرنس مورخہ 18 دسمبر 2025 بروز جمعرات، بوقت 11:00 بجے دن دفتر الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ گلگت بلتستان میں منعقد ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان میں 24جنوری کا شیڈول جاری ہونے کے باجود عام انتخابات گو مگو کا شکار کیوں ہیں؟
انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں گلگت بلتستان کی تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان یا ان کے مجاز نمائندے شرکت کریں گے۔
اس اجلاس کا مقصد انتخابات سے متعلق اہم امور پر سیاسی جماعتوں کی آراء، تجاویز اور رہنمائی حاصل کرنا ہے تاکہ انتخابی عمل کو مزید مؤثر، شفاف اور قابل اعتماد بنایا جا سکے۔
چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے گلگت بلتستان کی تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کو دعوت دی ہے کہ وہ اس اہم مشاورتی اجلاس میں شرکت کر کے اپنی قیمتی آراء اور تجاویز سے الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کو مستفید کریں۔
چیف الیکشن کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ الیکشن کمیشن گلگت بلتستان تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے آزاد، منصفانہ اور صاف، شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائے گا۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن کا شیڈول جاری ہونے کے بعد کئی سیاسی رہنمائوں نے تحفظات کا اظہارکیا تھا کہ شدید سردی میں الیکشن کا انعقاد کیسے ممکن ہے جب زیادہ تر لوگ علاقے سے ہجرت کئے ہوئے ہیں۔
سیاسی رہنمائوں کے مطالبے پر ہی چیف الیکشن کمشنر نے آل پارٹیز کانفرنس بلائی ہے جس میں اگر سیاسی رہنمائوں میں اتفاق ہو گیا تو الیکشن کچھ عرصہ کیلئے آگے جا سکتے ہیں لیکن کچھ بھی کہنا قبل ازوقت ہوگا۔




