کراچی: کویت میں موجود ماہر سرجنز نے لیاری جنرل اسپتال میں خاتون مریضہ کی کامیاب روبوٹک سرجری کر لی۔
پاکستان نے صحت کے شعبے میں ایک تاریخی سنگ میل عبور کرتے ہوئے لیاری جنرل اسپتال میں پہلی بین الاقوامی روبوٹک ٹیلی سرجری کامیابی سے سرانجام دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں جدید طبی دور کا آغاز، پہلی روبوٹک سرجری کامیابی سے مکمل
یہ جدید طبی کامیابی نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے ایک بڑی پیشرفت ہے۔ جس سے ملک میں جدید اور عالمی معیار کی طبی سہولیات کی نئی راہیں کھل گئی ہیں۔
پہلی بین الاقوامی ٹیلی سرجری کو 16 سو کلو میٹر دور کویت میں بیٹھے ماہر سرجنز نے براہ راست سرانجام دیا۔
جدید آلات اور تیز رفتار ڈیجیٹل نیٹ ورک کے ذریعے سرجیکل روبوٹ کو کنٹرول کیا گیا جس سے سرجری انتہائی درستگی اور کامیابی کے ساتھ انجام پائی۔
لیاری جنرل اسپتال اس کامیابی کے ساتھ پاکستان کا پہلا سرکاری اسپتال بن گیا جو روبوٹک ٹیلی سرجری انجام دینے میں کامیاب ہوا۔
وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچو نے اس سرجری کا باقاعدہ افتتاح کیا اور کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کے سرکاری صحت کے نظام میں ایک انقلابی قدم ہے جو عوام کو جدید طبی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ روبوٹک ٹیلی سرجری سے دور دراز علاقوں کے مریض بھی ماہر سرجنز کی خدمات سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: قومی ادارہ امراض قلب میں 16گھنٹے طویل انتہائی پیچیدہ سرجری کامیاب
شرکا نے کہا کہ روبوٹک ٹیلی سرجری نہ صرف علاج کے معیار کو بہتر بنائے گی بلکہ پاکستان میں میڈیکل ریسرچ اور تربیت کے نئے مواقع بھی فراہم کرے گی۔
ماہرین کے مطابق یہ بین الاقوامی ٹیلی سرجری پاکستان کے صحت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی روشن مثال ہے۔ جو مستقبل میں پیچیدہ سرجریز کو زیادہ محفوظ، تیز اور مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔




