کینیڈا

کینیڈا ، صحت بحران : پاکستانی سمیت غیر ملکی ڈاکٹروں کیلئے فاسٹ ٹریک ورک پرمٹ کا اعلان

کینیڈا نے صحت کے شعبے میں بحران کے باعث پاکستانی سمیت غیر ملکی ڈاکٹروں کے لیے فاسٹ ٹریک ورک پرمٹ پروگرام کا اعلان کیا ہے ۔

اس نئے فریم ورک کے تحت اہل ڈاکٹروں کو صرف 14 دن کے اندر ورک پرمٹ جاری کیا جا سکے گا ۔ یہ اعلان کینیڈا کی وزیرِ امیگریشن ، لینا میٹلیج دیاب  نے وزیرِ صحت کی پارلیمانی سیکرٹری ، میگی چی کے ہمراہ کیا ۔

حکام کے مطابق یہ اقدام کینیڈا کے دباؤ کا شکار ہیلتھ کیئر نظام کو مضبوط بنانے کے لیے حکومتی کوششوں کا حصہ ہے اور اس کا مقصد مختلف صوبوں اور علاقوں میں ہسپتالوں اور کلینکس میں فوری طور پرعملے کی کمی کو پورا کرنا ہے ۔

نئے پروگرام کے تحت وہ غیر ملکی تربیت یافتہ ڈاکٹرز جو درست ملازمت کی پیشکش حاصل کریں اور کسی صوبے یا علاقے کی نامزدگی حاصل کریں ، فاسٹ ٹریک ورک پرمٹ کے اہل ہوں گے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کینیڈا نے بین الاقوامی گریجویٹ اسٹوڈنٹس کے اسٹڈی پرمٹ قوانین آسان کر دیے

یہ ورک پرمٹ ڈاکٹروں کو اجازت دیں گے کہ وہ اس دوران کینیڈا میں کام شروع کریں یا جاری رکھیں ، حتیٰ کہ ان کی مستقل رہائش (PR) کی درخواست زیرِ غور ہو ۔

طویل مدتی حکمت عملی کے طور پر وفاقی حکومت نے 5,000 اضافی مستقل رہائش کی نشستیں مختص کی ہیں تاکہ لائسنس یافتہ ڈاکٹروں کو کینیڈا میں برقرار رکھا جا سکے ۔

علاوہ ازیں 2026 کے اوائل میں ڈاکٹروں کے لیے ایک خصوصی ایکسپریس انٹری کیٹیگری متعارف کرائی جائے گی ، جس میں کم از کم ایک سال کا حالیہ کینیڈین کام کا تجربہ رکھنے والے ڈاکٹروں کو ترجیح دی جائے گی ۔

حکام کا مزید کہنا ہے کہ یہ پالیسی دنیا بھر سے ماہر طبی پیشہ ور افراد کو راغب کرنے اور کینیڈا کے صحت کے نظام کو مضبوط بنانے کے عزم کی عکاس ہے ۔

Scroll to Top