سماہنی (کشمیر ڈیجیٹل) آزاد کشمیر کے علاقے سماہنی کے بڑے تجارتی مرکز چوکی سے منسلک سڑک تونین ،کڈیالہ کی نالیاں گندگی سے اٹ گئیں، بدبودار پانی گلیوں میں بہنے لگا،اہل علاقہ کو آمد رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
کشمیر ڈیجیٹل کی رپورٹ کے مطابق سماہنی کی سڑکوں کے اطراف نالیوں میں گندگی جمع ہونے سے عوام علاقہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ انتظامیہ خواب خرگوش کے مزے لے رہی ہے اور صرف فوٹوسیشن تک محدود ہے ۔چوکی لاڑی اڈہ کے قریب مختلف نالیاں غلاظت سے اٹی ہوئی ہیں اور صفائی نہ ہونے کی وجہ سے گندا پانی گلیوں میں بہنے لگا جس سے بیماریاں پھیلنے کا بھی خدشہ ہے ،شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ صرف فوٹو سیشن کراتی ہے صفائی کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جاتی گندگی اور تعفن سے جینا محال ہوچکا ہے ۔
شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ علاقہ میں دیگر مسائل کے ساتھ ساتھ غلاظت، گندگی اور نکاسی آب کی صورت حال سنگین ہے اور اس صورت حال سے اہل علاقہ مصیبت میں مبتلا ہیں۔عوام علاقہ نے ممبر اسمبلی چوہدری علی شان سونی سمیت مقامی رہنماؤں اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ چوکی بازار کی مین سڑک سمیت تمام گلیوں نالیوں کی صفائی کرائی جائے اور گندگی کو اٹھا کر دور ٹھکانے لگایا جائے تاکہ نکاسی آب کی روانی ممکن ہو سکے اور اہل علاقہ اس تکلیف سے نجات حاصل کرسکیں۔