پاکستان میں دسمبر 2025 کے اختتام سے پہلے مختلف کار ساز کمپنیوں نے خریداروں کے لیے ایسی پیشکشیں متعارف کرائی ہیں جن میں قیمتوں میں کمی، مفت مینٹی نینس اور آسان ماہانہ قسطوں کی سہولت شامل ہے۔ گاڑیوں کی خرید و فروخت کے معروف پلیٹ فارم ’پاک ویلز‘ نے منگل کے روز اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ان تمام آفرز کی تفصیلات جاری کیں، جن میں متعدد ایس یو ویز اور سیڈان ماڈلز کے لیے نئی قیمتیں اور فروخت کے خصوصی منصوبے شامل ہیں۔
ٹویوٹا کی جانب سے پیش کی گئی آفرز اس سلسلے کا اہم حصہ ہیں۔ ٹویوٹا انڈس موٹرز نے پاکستان میں اپنی 35 ویں سالگرہ کے موقع پر اپنی آف روڈ ایس یو وی ٹویوٹا فارچیونر کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ کمی حالیہ برسوں کے دوران کسی بھی بڑی کار کمپنی کی طرف سے سامنے آنے والی سب سے بڑی کمی تصور کی جا رہی ہے۔ فارچیونر جی کی قیمت میں 25 لاکھ روپے کمی کے بعد اس کی نئی قیمت ایک کروڑ 24 لاکھ 35 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ فارچیونر وی کی قیمت میں 25 لاکھ 70 ہزار روپے کی کمی کے بعد نئی قیمت ایک کروڑ 49 لاکھ 35 ہزار روپے ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری میں اہم پیشرفت،ایک اور چینی کمپنی نے انٹری دیدی
چانگن نے بھی اپنی ایس یو ویز اور سیڈان ماڈلز پر ریٹیل اور بینک پروموشنز کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی کے مطابق خریدار 31 دسمبر 2025 تک پانچ لاکھ روپے تک کے مجموعی فوائد حاصل کر سکتے ہیں جن میں نقد ڈسکاؤنٹ اور دو سال کی مفت مینٹی نینس شامل ہے۔ اوشان ایکس سیون کے فائیو سیٹ فیوچر سنس ویرینٹ کی پروموشنل قیمت 89 لاکھ 49 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ الزوین بلیک سیریز کے ایم ٹی کمفرٹ ویرینٹ پر بینک کے ذریعے خریداری کی صورت میں دو لاکھ روپے ڈسکاؤنٹ دیا جا رہا ہے، جس کے بعد قیمت 39 لاکھ 89 ہزار روپے ہو جاتی ہے۔ اس کے ساتھ دو سال کی پری پیڈ مینٹی نینس بھی شامل ہے۔
ایم جی پاکستان نے اپنی ہائبرڈ گاڑیوں کے لیے نئی ای ایم آئی اسکیمیں متعارف کرائی ہیں۔ MG HS PHEV کے لیے 24 ماہ کی قسط دو لاکھ آٹھ ہزار 335 روپے اور 18 ماہ کی قسط دو لاکھ 77 ہزار 780 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ ڈاؤن پیمنٹ کی رقم 40 لاکھ 89 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔ MG HS Trophy کے لیے 24 ماہ کی قسط ایک لاکھ 66 ہزار 670 روپے اور 18 ماہ کی قسط دو لاکھ 22 ہزار 225 روپے مقرر کی گئی ہے۔

ہیونڈائی نے بھی اپنے ہائبرڈ ماڈلز کے لیے مختلف ای ایم آئی منصوبے پیش کیے ہیں۔ سانتافی ہائبرڈ کی ماہانہ قسط تین لاکھ 48 ہزار 427 روپے تک لا دی گئی ہے جبکہ ٹکسن ہائبرڈ کی قسطیں تین لاکھ 26 ہزار 667 روپے ماہانہ سے شروع ہوتی ہیں۔ ایلینٹرا ہائبرڈ کی کم ترین قسط دو لاکھ 85 ہزار 972 روپے مقرر ہے۔ علاوہ ازیں سوناٹا 2.5 کے لیے 18 ماہ کا ای ایم آئی پلان پیش کیا گیا ہے جس میں 50 فیصد رقم پہلے ادا کرنا ہوگی جبکہ باقی رقم تین لاکھ 31 ہزار 806 روپے ماہانہ کی صورت میں ادا کی جا سکتی ہے۔ یہ آفر 31 دسمبر 2025 تک کے لیے دستیاب ہے اور اس میں چار برس کی وارنٹی بھی شامل ہے۔
Car prices just got interesting!
Several automakers in Pakistan are now offering discounts & easy EMI plans to boost year-end sales. Here’s what’s on offer🧵👇
— PakWheels.com (@PakWheels) December 9, 2025



