پاک فوج نے وطن سے محبت اور قومی یکجہتی کے جذبے سے سرشار نیا ملی نغمہ ’’پاک سرزمینیو بڑھے چلو بڑھے چلو، ہے راستہ کٹھن مگربڑھے چلو ، بڑھے چلو ریلیز کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق نیا نغمہ دلوں کو جوڑنے، حوصلوں کو بلند کرنے اور قوم کو ایک بار پھر اپنی سرزمین سے وفا کے عہد کی یاد دلانے والا طاقتور پیغام لیے ہوئے ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نیا نغمہ معروف گلوکار اسرار کی پرجوش آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ اس کا میوزک ماجد رضا اور اسرار نے ترتیب دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جان سے پیارا پاکستان‘، یومِ آزادی کے موقع پر آئی ایس پی آر کا ملی نغمہ جاری
موسیقی، دھن اور گلوکاری کا امتزاج اس نغمے کو ایک ایسا ملی ترانہ بناتا ہے جو سننے والوں کے دل میں وطن کے لیے جذبۂ فخر تازہ کر دیتا ہے۔
نغمے کے بول سادہ مگر گہرے جذبات سے لبریز ہیں، جو قومی ترانے کی بازگشت کے ساتھ پاکستان کی سالمیت، بہادری اور مستقبل کی امید کو ایک نئے انداز میں پیش کرتے ہیں۔
’’پاک سرزمینیو‘‘ کا ہر مصرع اس عزم کا اظہار ہے کہ یہ وطن ہمیشہ سرخرو رہے گا اور اس کے محافظ ہمیشہ استقامت کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
یہ بھہ پڑھیں: یوم شہدائے جموں،آئی ایس پی آر کا نیانغمہ’’کشمیر ہمارے خوابوں کی تعبیر‘‘ریلیز
آئی ایس پی آر کے مطابق نغمے کا مقصد قوم میں اتحاد، ہمت اور ذمہ داری کے احساس کو مضبوط کرنا ہے، تاکہ ہر شہری یہ یقین محسوس کرے کہ اس کے ہر قدم کا تعلق پاکستان کی طاقت اور شناخت سے ہے۔
نغمہ ’’پاک سرزمینیو‘‘ نہ صرف ایک ملی ساز ہے بلکہ ایک دعوت ہے کہ ہم سب ایک قوم بن کر، سربلندی کے سفر میں ساتھ چلیں اور اپنے وطن کے لیے فخر سے سر اُٹھا کر کھڑے ہوں۔




