فیلڈ مارشل سید عاصم منیر چیف آف ڈیفنس فورسز تعینات، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)صدر مملکت آصف علی زرداری نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کی منظوری دے دی۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کی سمری منظوری کے بعد ایوان صدر کو بھجوائی تھی۔

مزید پڑھیں: چیف آف ڈیفنس فورسز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جلد آئےگا، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر چیف آف آرمی اسٹاف کے ساتھ ساتھ چیف آف ڈیفنس فورسز بھی ہوں گے، اور یہ تعیناتی 5 سال کے لیے ہے۔

واضح رہے کہ حکومت نے 27ویں آئینی ترمیم میں آئین کے آرٹیکل 245 میں ترمیم کرتے ہوئے چیف آف ڈیفنس فورسز کا عہدہ تخلیق کیا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور آرمی چیف و ڈی ایف سی تعیناتی کی سمری ایوان صدر ارسال

اس ترمیم کے بعد چیئرمین چوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا عہدہ ختم ہوگیا ہے، اور جنرل ساحر شمشاد مرزا آخری چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی تھے جو 27 نومبر کو ریٹائر ہوگئے ہیں۔

قومی اسمبلی سے منظور شدہ آرمی ایکٹ ترمیمی بل کے اہم نکات

سیکشن 176 سی میں ترمیم کے تحت چیف آف ڈیفنس فورسزکی سفارش پر وائس چیف آف آرمی اسٹاف، ڈپٹی چیف آف آرمی چیف کا تقرر کیا جائے گا، وفاقی حکومت چیف آف ڈیفنس فورسز کی سفارش پر تقرر کرے گی۔

بل کے متن میں کہا گیا ہے کہ وائس آرمی چیف اپنے اختیارات اور فرائض آرمی چیف کی ہدایات کی روشنی میں انجام دیں گے، سیکشن بی میں حکومت کا لفظ تبدیل کر کے آرمی چیف کی سفارش پر تقرری کی جائےگی۔

کلاز 8 جی میں بھی ترمیم کر کے چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی کا عہدہ 27 نومبر 2025 سے ختم تصور ہو گا، وزیراعظم آرمی چیف، چیف آف ڈیفنس فورسز کی سفارش پر 3سال کیلئے کمانڈر آف نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کا تقرر کریں گے۔

کمانڈرنیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کی شرائط و قواعد و ضوابط کا تعین وزیراعظم کریں گے، کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کو مزید 3 سال کےلیے دوبارہ تعینات بھی کر سکیں گے، وزیراعظم چیف آف ڈیفنس فورسز کی سفارش پر 3سال کیلئے دوبارہ تعینات کرسکیں گے۔

کمانڈرنیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کی تقرری، دوبارہ تقرری یا توسیع کو کسی عدالت میں چیلنج نہیں کیا جا سکے گا، آرمی ایکٹ میں ریٹائرمنٹ کی عمر، سروس کی معیاد اور ان کو ہٹانا کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ پر لاگو نہیں ہو گا، کمانڈرنیشنل اسٹریٹجک کمانڈ بطور جنرل پاکستان آرمی میں اپنی خدمات سرانجام دیں گے۔

چیف آف ڈیفنس فورسز کی مدت اس دن سے شروع ہو گی جس دن سے نوٹیفکیشن ہو گا اور آرمی چیف ہی چیف آف ڈیفنس فورسز ہوں گے، جنرل کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دی جائے گی تو ذیلی سیکشن دو کے تحت خدمات انجام دیں گے۔

Scroll to Top