ڈی آئی خان پنیالہ تھانہ حدود میں دھماکہ، 3 پولیس جوان شہید

صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں پنیالہ تھانہ کی حدود میں فتنہ الخوارج دہشتگردوں نے پولیس موبائل وین کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 3 پولیس جوان شہید ہو گئے۔

حکام کے مطابق دھماکہ بارودی سرنگ (آئی ای ڈی) کے ذریعے کیا گیا، جس سے پولیس وین کو شدید نقصان پہنچا اور قریبی علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس کے مطابق شہید ہونے والوں میں اے ایس آئی گل عالم، کانسٹیبل رفیق اور ڈرائیور سخی جان شامل ہیں، جو موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

واقعے کے فوراً بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو محاصرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا تاکہ ملزمان کا پتہ لگایا جا سکے۔ ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا کہ پولیس وین معمول کی گشت پر تھی جب دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔ سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت اور مقامی جغرافیے کو مدنظر رکھتے ہوئے امکان ہے کہ حملہ پہلے سے نصب بارودی سرنگ کے ذریعے کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: بنوں:گاڑی پر حملے میں اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان سمیت 4 افراد شہید

پولیس حکام نے پنیالہ تھانہ اور ملحقہ تھانوں کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ داخلی اور خارجی راستوں پر آنے جانے والے افراد کی کڑی نگرانی کریں۔ علاقے میں متعدد ناکے قائم کر دیے گئے ہیں جبکہ عوام سے کہا گیا ہے کہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع دیں۔

یہ بھی پڑھیں: تلہ گنگ میں افغان شہری کی گرفتاری نےافغان دہشتگرد نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا

اس واقعے کے بعد اسپتال انتظامیہ کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ زخمی یا ہنگامی صورتِ حال سے فوری نمٹا جا سکے۔ پولیس کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے اس حملے کو خطے میں حالیہ سیکیورٹی چیلنجز کے تسلسل کا حصہ قرار دے رہے ہیں، تاہم مزید معلومات تفتیش مکمل ہونے کے بعد جاری کی جائیں گی۔

Scroll to Top