ہٹیاں بالا(کشمیر ڈیجیٹل نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے 58ویں یومِ تاسیس کے موقع پر ضلعی ہیڈکوارٹر ہٹیاں بالا میں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی سینئر نائب صدر صاحبزادہ محمد اشفاق ظفر ایڈووکیٹ کے دفتر میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔
تقریب میں ممبرانِ ضلع کونسل جہلم ویلی راجہ پرویز اقبال ایڈووکیٹ، سید ساجد ہمدانی، سابق ایڈمنسٹریٹر بلدیہ خواجہ ناصر چک، طارق رئیسانی،خورشید اعوان ایڈووکیٹ سمیت پارٹی کارکنان و عہدیداران کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔
تقریب میں کیک کاٹنے کے علاوہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا براہِ راست خطاب بھی بڑے اہتمام سے سنا گیا۔منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی سینئر نائب صدر صاحبزادہ محمد اشفاق ظفر ایڈووکیٹ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا قیام برصغیر کی سیاسی تاریخ کا ایک ناقابلِ فراموش باب ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم آزادکشمیرکادورۂ نیلم، مختلف مقامات پر شاندار استقبال
شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو سیاسی شعور،آئین دیا اور محروم طبقات کو آواز دی،محترمہ بے نظیر بھٹو شہیدنے اپنی جان کا نذرانہ د یکرجمہوریت کو دوام بخشا، جبکہ صدر آصف علی زرداری نے مشکل ترین حالات میں جمہوریت کو مضبوط کیا اور پارلیمانی نظام کو استحکام بخشا ۔
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری ملک کی نوجوان قیادت کی آواز ہیں، جو عوامی حقوق، دستور کی بالادستی اور معاشی انصاف کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں ۔
آج کے دن ہم اپنے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ پیپلز پارٹی کے نظریات، جدوجہد اور عوامی خدمت کے مشن کو آگے بڑھاتے رہیں گے،زندگی کی آخری سانسوں تک پیپلز پارٹی سے وفا نبھاتے ہوئے عوام کی آواز بلند کرتے رہیں گے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں: کوہالہ احتجاج، مرکزی شاہراہ بند، مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا




