پاکستان کے جارح مزاج اوپنر صاحبزادہ فرحان کلینڈر ایئر میں 100 ٹی 20 چھکے لگانے والے پہلے پاکستانی بلے باز بن گئے ۔
یہ اعزاز ا نہوں نے سری لنکا کے خلاف حالیہ ٹرائی سیریز میں حاصل کیا، جہاں ہدف کے تعاقب میں ا نہوں نے 45 گیندوں پر 80 ناٹ آؤٹ رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی ۔
میچ کے دوران صاحبزادہ فرحان نے 5 چھکے اور متعدد چوکے لگائے، جس سے شائقین محظوظ ہوئے اور مداحوں کی توجہ حاصل کی ۔ ان کی اس جارحانہ بیٹنگ کی بدولت وہ پاکستان کی طرف سے ایک سال میں سب سے زیادہ ٹی 20 چھکے لگانے والے کھلاڑی بن گئے ۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس میں صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ وہ پاکستان کے لیے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں۔ پچھلے کچھ میچز میں ان کی اسٹرائیک روٹیشن پر مسئلہ تھا لیکن کوچ مائیک ہیسن نے انہیں ہدایت دی کہ چھکے کے بعد سنگل ڈبل لینے کی مشق کریں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سہ ملکی ٹی 20سیریز،پاکستان نے سری لنکا کو شکست دیدی
انہوں نے کہا کہ حالیہ چند میچز میں وہ خود کو ریلیکس محسوس کر رہے تھے لیکن فخر زمان نے انہیں کہا کہ ریلیکس نہ ہوں اور کسی بھی مسئلے پر ان سے رجوع کریں، جن سے انہیں مشورہ ملتا رہا ۔
اوپنر نے کہا کہ بابر اعظم کے ساتھ کھیل کر بہت مزہ آتا ہے اور ان کی کامیابی پر خوشی محسوس ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ پی ایس ایل اور ڈومیسٹک کرکٹ میں ٹاپ آرڈر میں کھیلتے رہے ہیں اور جب ٹیم کو ضرورت ہو، ایک روزہ فارمیٹ میں بھی اپنا حصہ ڈالنے کے لیے تیار ہیں ۔
صاحبزادہ فرحان نے آخر میں کہا کہ وہ ہمیشہ سے جانتے تھے کہ ایک دن انہیں ٹاپ آرڈر میں موقع ملے گا اور یہ موقع ملتے ہی انہوں نے بھر پورفائدہ اٹھایا ۔




